سری نگر:۰۲، اگست: : بھاجپا کیساتھ ساتھ کانگریس نے بھی جموں وکشمیرمیں ہونے والے اسمبلی انتخابات پرتوجہ مرکوز کرلی ہے اور انتخابات کیلئے لائحہ عمل اور دوسری ہم خیال جماعتوں کیساتھ ممکنہ گٹھ جوڑ کا فیصلہ لینے کیلئے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی 21اگست بروزبدھ وار سے2 دن کےلئے جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے ۔جے کے این ایس کے مطابق راہول گاندھی ،پارٹی کے قومی صدر ملکا ارجن کھرگے کے ہمراہ جموں اورسری نگرمیں 2دن قیام کریں گے ۔پارٹی کے جنرل سیکرٹری کے سی وینوگوپال نے ایک ٹویٹ میں اس کی جانکاری دی کہ راہول گاندھی اورملکاارجن کھرگے 21اور22اگست کو جموں اورسیگر کا دورہ کریں گے تاکہ جموں و کشمیرمیں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیساتھ ساتھ ہم خیال جماعتوں کے ساتھ قبل از انتخابات اتحاد پر تبادلہ خیال کرسکیں ۔ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی ،نیشنل کانفرنس کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ جموں و کشمیر میں آئندہ انتخابات کے لیے قبل از انتخابات اتحاد کے طریقوں کو حتمی شکل دی جا سکے۔ذرائع کامزید کہناتھاکہ کانگریس اور این سی کے درمیان قبل از انتخابات اتحاد تقریباً حتمی ہے،اور صرف سیٹوں کے اشتراک کا فیصلہ لینا باقی ہے۔