سرینگر:۰۲،ستمبر:: مرکز میں برسراقتدار جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے جموں خطے کی43نشستوں پر مکمل توجہ مرکوز کردی ہے ،کیونکہ پہلے مرحلے کیلئے انتخابی مہم میں وزیرداخلہ امت شاہ ،وزیردفاع راجناتھ سنگھ،مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور وزیراعظم مودی کی شرکت کے بعد اب جمعہ کو مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ جموں خطہ کے دو روزہ دورے پر پہنچ گئے ،اور2روزتک قیام کے دوران موصوف راجوری، پونچھ اور جموں کے سرحدی اضلاع میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے ۔جے کے این ایس کے مطابق میڈیارپورٹس میں بتایاگیاہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعہ کو جموں خطہ کے2 روزہ دورے پر پہنچے ہیں۔ وہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت جاری انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اُمیدواروں کے حق میں مہم چلائیں گے۔ جاریہ اسمبلی انتخابات کے دوران مرکزی وزیر داخلہ کا جموں خطے کا یہ تیسرا دورہ ہوگا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے2روزہ دورہ کے دوران امت شاہ راجوری، پونچھ اور جموں کے سرحدی اضلاع میں ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ پارٹی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا بھی جمعہ کو جموں کے سیاسی دورے پر پہنچے ہیں۔میڈیارپورٹس میں بتایاگیاہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جموں کے اکھنور میں 21 ستمبر بروز ہفتہ کو ایک انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے جبکہ جڑواں سرحدی اضلاع راجوری،پونچھ، مینڈھر اور تھنہ منڈی میں وزیر داخلہ نے جمعہ کو بی جے پی امیدواروں کی حمایت میں انتخابی مہم میں حصہ لیا اور انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا۔قابل ذکر ہے کہ امت شاہ نے 16ستمبر کو رام بن، پاڈر اور رام بن میں تین انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا تھا۔ قبل ازیں امت شاہ 2 روزہ دورہ پر 6 ستمبر کو جموں آئے تھے اور پارٹی کا منشور جاری کیا تھا۔ اس دوران انہوں نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے حکمت عملی بنانے والے پارٹی رہنماو ¿ں کے ساتھ بات چیت کی تھی اور 7 ستمبر کو جموں شہر میں پارٹی کارکنوں کے ایک بڑے کنونشن سے خطاب کیا تھا۔واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے ڈوڈہ میں 14 ستمبر کو ایک ریلی سے خطاب کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ 22 ستمبر کو ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ اسی طرح کانگریس صدر ملکارجن کھرگے 23 ستمبر کو جموں و کشمیر کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ چھپ میں پارٹی امیدوار تارا چند کے حق میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کریں گے۔ راجوری، پونچھ اور ریاسی اضلاع میں دوسرے مرحلے میں 25 ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔قابل ذکرہے کہ کل90اسمبلی حلقوںمیں سے 43جموں خطے میں ہیں ،اور بھاجپا کے سینئر لیڈر رام مادھو کہہ چکے ہیں کہ پارٹی کو جموںخطے میں 35اور کشمیر وادی سے10نشستوں پرکامیابی ملنے کی اُمید ہے یاکہ پارٹی نے 45نشستیں حاصل کرنے کا ہدف رکھاہے ،جو حکومت بنانے کیلئے مطلوبہ تعداد سے صرف ایک کم ہے۔