سرینگر//وادی کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول گلمرگ اور سونمرگ میں برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارش ہوئی جس کے نتیجے میں اتوار کو درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق وادی کشمیر کے بالائی علاقوں بشمول گلمرگ کے سکی ریزورٹ میں افروات کے پہاڑی سلسلے، سونمرگ کے سیاحتی مقام، سنتھن ٹاپ، رازدان ٹاپ اور پیر پنجال رینج میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی راتوں میں ہلکی برفباری ہوئی، جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے ۔گلمرگ اور سونمرگ کے آس پاس کے پہاڑوں پر برف باری دیکھ کر سیاح بہت خوش ہوئے۔ سری نگر اور وادی کشمیر کے دیگر حصوں میں ہلکی بارش ہوئی۔موسمیاتی مرکز سری نگر نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر میں ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔آزاد موسمی مبصر فیضان عارف نے یو این آئی کو بتایا کہ "کمزور مغربی ڈسٹربنس منگل کے بعد سے جموں و کشمیر پر اثر انداز ہونے کی توقع ہے، اور اس کے زیر اثر، ممکنہ دھوپ کے وقفے کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے،” موسم کے آزاد مبصر فیضان عارف نے بتایا۔