سرینگر//وادی کشمیر میں نومبر مہینے میں شدید سردی محسوس کی جا رہی ہے ۔جس دوران منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو سخت سردی محسوس کی گئی ہے جبکہ دن میں بھی اکثر علاقوں میں سخت سردی تھی جبکہ محکمہ موسمیات نے فلحال موسم میںکسی خاص تبدیلی کے امکان کو طاہر نہیں کیا ۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق سری نگر اور کشمیر کے کچھ دیگر مقامات پر بدھ کو موسم کی سرد ترین رات محسوس کی ہے کیونکہ وادی کے بیشتر مقامات پر کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا، حکام نے بتایا۔سری نگر شہر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ وادی میں کئی دیگر مقامات پر بھی موسم کی سرد ترین رات رہی کیونکہ وادی کے بیشتر مقامات پر صفر سے نیچے کا درجہ حرارت درج کیا گیا۔قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جب کہ پہلگام کے سیاحتی مقام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.7 ڈگری سیلسیس پر رہا۔پہلگام وادی کا سب سے سرد مقام تھا۔گلمرگ سکی ریزورٹ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.6ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جبکہ کپوارہ شہر میں منفی 0.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ کوکرناگ واحد ویدر اسٹیشن تھا جہاں کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر 1.2 ڈگری سیلسیس پر طے ہوا۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ موسم عام طور پر 23 نومبر تک خشک رہے گا۔24 نومبر کو، موسم ابر آلود رہے گا اور ہلکی بارش/ہلکی برف باری کا امکان ہے خاص کر اونچے علاقوں میں ۔