سری نگر:۵،مئی: : وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر5مئی کوغیراعلانیہ ششمائی دربارمﺅ کے تحت 6ماہ بعد سیول سیکرٹریٹ سری نگر میں دوبارہ دفتر شروع کرتے ہوئے اس عزم کااظہارکیاکہ۔ اب توجہ واضح کارروائی، جوابدہی اوراچھی حکمرانی و ترقی کے ذریعے ہر فرد تک پہنچنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئیے ان 6مہینوں کو شمار کریں۔جے کے این ایس کے مطابق مرکز کے زیرانتظام علاقے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو سری نگر کے سول سیکرٹریٹ میں اپنا دفتر دوبارہ شروع کیا، جس میں 6ماہ کے وقفے کے بعد روایتی مگرغیر اعلانیہ ششمائی دربارمﺅ کا آغاز کیا گیا۔ گرما ئی دارالحکومت سری نگرمیں سول سیکرٹریٹ کا دوبارہ کھلنا انتظامیہ کے گرمی کے مہینوں کےلئے کشمیر منتقل ہونے کا اشارہ ہے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر ایک پوسٹ میں اس بات پر زور دیا کہ اگلے 6 ماہ کے دوران ان کی حکومت کی ترجیح واضح کارروائی، احتساب یاجوابدہی اور اس بات کو یقینی بنانا ہو گی کہ ہر فرد کو اچھی حکمرانی اور ترقی سے فائدہ پہنچے۔ انہوں نے افسران سے نتائج پر مبنی نقطہ نظر کو اپنانے کی تاکید کی اور کہا کہ حکومت عوامی شکایات کو دُور کرنے اور پوری کشمیروادی میں ترقیاتی اقدامات کو آگے بڑھانے کی کوششوں کو دوگنا کرے گی۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے پیغام میں ترقیاتی پروجیکٹوں کو تیز کرنے اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے اپنے ارادے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ آئیے ان6 مہینوں کو شمار کریں ۔جموں وکشمیرمیں ششمائی دربار موو،153سال پرانی روایت جو ڈوگرہ حکمرانوں نے شروع کی تھی، کوسال2021میں ختم کیاگیا۔ 5اگست2019کو دفعہ370و35Aکی منسوخی اور جموں وکشمیرکو دو مرکزی زیرانتظام علاقوں(جموں وکشمیر اور لداخ)میں تقسیم کرنے کے بعد سال2021 میں، حکومت نے ہندوستان میں کووڈ19 وبائی امراض کی وجہ سے دربار موو کو موخر کر دیا۔ 30 جون 2021 کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی سربراہی میں یوٹی حکومت نے ششمائی دربارمﺅ کے اقدام کو ختم کر دیا۔ اس اقدام کو بند کرنے کے بارے میں، 30 مارچ2020 کواسوقت کے چیف سکریٹری بی وی آر سبرامنیم نے کہا کہ حکومت نے متحرک محکموں میں ای,آفس شروع کرکے پیپر لیس آفس کو تبدیل کرنے کےلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ انتظامیہ نے سرکاری ریکارڈ ای آفس پر اپ لوڈ کر دیا ہے۔ آن لائن موڈ پر سوئچ کرنے سے2 سالہ ٹرانزٹ کے دوران ٹوٹ پھوٹ کےساتھ ساتھ سرکاری ریکارڈ کے نقصان سے بھی بچ جائے گا، اس کے علاوہ نقل و حمل کے متعلقہ اخراجات کو بھی بچائے گا۔ سرکاری دفاتر اب جموں اور سری نگر دونوں جگہ کام کریں گے۔ایل جی ایڈمنسٹریشن نے کہا کہ یہ نتیجہ خیز اور موثر اقدام پیسہ، وسائل اور وقت کی بچت کرے گا، جسے یونین ٹیریٹری کی فلاح و بہبود اور ترقی کےلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان وسائل کوعوام کی ثقافت اور ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ 2024کے اسمبلی انتخابات کے دوران چلائی گئی انتخابی مہم میں نیشنل کانفرنس کاعوام سے ایک وعدہ یہ بھی تھاکہ وہ برسراقتدار آنے کی صورت میں روایتی دربارمﺅ کو بحال کریگی ۔16اکتوبر2024کو بحیثیت وزیراعلیٰ عہدہ سنبھالنے کے بعد عمرعبداللہ نے اپنی پارٹی کے اس وعدے کااعادہ کیاکہ جموں وکشمیر میں ششمائی روایتی دربارمﺅ بحال کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نے چھ ماہ کیلئے اپنادفتر سیول سیکرٹریٹ جموں میں رکھااوراب انہوںنے چھ ماہ کیلئے اپنا دفتر سیول سیکرٹریٹ سری نگرمیں شروع کیاہے لیکن ابھی تک روایتی دربارمﺅ کی بحالی سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیاگیاہے ۔