بارہمولہ//وزیر زرعی پیداوار ، دیہی ترقی ، پنچائتی راج ، کواپریٹو اور الیکشن ڈیپارٹمنٹ مسٹر جاوید احمد ڈار نے آج ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں کسان میلہ اور نمائش کا افتتاح کیا ۔ کسان میلہ کا اہتمام محکمہ زراعت و کسان بہبود ضلع بارہمولہ نے کیا تھا ۔ ابتداءمیں وزیر موصوف نے زراعت ، باغبانی ، ریشم کی صنعت ، جانوروں کی پرورش، بھیڑ پالن ، متعلقہ شعبوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے قائم کردہ اسٹالز کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے ان سے بات چیت کی اور کسانوں کی بہبود کیلئے بنائی گئی اسکیموں کو اجاگر کرنے والے اسٹالز کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ڈار نے کہا کہ یہ کسان میلہ کسانوں، زرعی ماہرین ، زرعی کاروباری افراد اور اداروں کو جوڑنے کا ایک پلیٹ فارم ہے ، جو جدید تیکنالوجیز ، سرکاری اسکیموں اور کامیاب کہانیوں کو پیش کرتا ہے جو ہماری کسان برادری کو بااختیار بنانے کیلئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ایونٹ کے اہم نکات میں بہتر فصلوں کی اقسام اور جانوروں کی نسلوں کی نمائش ، زرعی مشینری کی نمائش ، جدید ٹیکنالوجیز کی پیشکش ، جدید زرعی مشینری اور ٹیکنالوجیز کا مظاہرہ اور پائیدار زرعی طریقوں کو فروغ دینا اور فصلوں کی پیداوار کو بہتر بنانا شامل ہےں ۔







