سری نگر/21جون 2026ئ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے میلہ کھیر بھوانی کے موقعہ پر لوگوں بالخصوص کشمیری پنڈت کمیونٹی کو دِلی مُبارک باد پیش کی ہے۔ اُنہوں نے اَپنے مُبارک بادی کے پیغام میں گاندربل کے تولہ مولہ میں واقع ماتا کھیر بھوانی مندر اور جموں و کشمیر کے مختلف مندروں میں سالانہ یاترا میں شرکت کرنے والے عقیدت مندوں کو اَپنی نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میلہ کھیر بھوانی اِنتہائی روحانی اہمیت کا حامل موقعہ ہے اور یہ جموں و کشمیر کے شاندار ثقافتی اور تہذیبی ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔ اُنہوںنے مزید کہا کہ یہ تہوار عقیدت، ہم آہنگی اور باہمی بقائے باہمی جیسی اَقدار کی علامت ہے جو اس خطے کی صدیوں پرانی مشترکہ تہذیب کی پہچان رہی ہیں۔اُنہوںنے اُمید ظاہر کی کہ یہ موقعہ معاشرے کے تمام طبقات کے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کے رِشتوں کو مزید مضبوط بنائے گا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کی کثیر الثقافتی روایت نے ہمیشہ اَپنی مشترکہ روایات اور ثقافتی تنوع سے طاقت حاصل کی ہے۔




