’
سری نگر/
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج محکمہ امورِ نوجوانان و کھیل کود اور سکاسٹ کشمیر کے اِشتراک سے منعقدہ یو ٹی سطح کی تقریب میں’نشہ مکت یووا فار وِکست بھارت سنکلپ ابھیان‘ کے آغاز میں شرکت کی۔ اِس 100 ہفتوں پر محیط ملک گیر مہم کا اِفتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے بذریعہ ورچیول موڈ کیا جو نوجوانوں کو بااِختیار بنا کر اور منشیات کے ناسور کا خاتمہ کرکے ہندوستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے قومی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی سب سے بڑی طاقت اس کی نوجوان آبادی ہے جس میں تقریباً 65 فیصد آبادی کی عمر 35 برس سے کم ہے جبکہ 15 سے 29 برس کی عمر کے 37 کروڑ نوجوان قوم کی تعمیر میں اَپنا کردار اَدا کرنے کے لئے پُر جوش ہیں۔اُنہوں نے کہا،”نشہ مکت یووا فار وِکست بھارت سنکلپ ابھیان کا مقصد نوجوانوں میں نئی توانائی پیدا کرنا، انہیں صحت مند طرزِ زِندگی اِختیار کرنے اور ترقیاتی عمل میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ ہمارے نوجوان توانائی کے بادل بن کر ترقی کے افق پر چھا جائیں۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے 2020 میں شروع کی گئی’ نشہ مکت بھارت ابھیان‘ محض ایک سرکاری پروگرام نہیں بلکہ منشیات کے خلاف ایک سماجی تحریک ہے جس کا مقصد شہریوں میں خود نظم و ضبط، مثبت سوچ اور مضبوط عزم پیدا کرنا ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ ملک بھر کے تقریباً,000 10 مقامات پرزائد اَز ایک کروڑ نوجوان اس مہم میں شامل ہو رہے ہیں جواس بات کا مظہر ہے کہ نوجوانوں کو منشیات سے بچانا پوری سوسائٹی کی مشترکہ ذِمہ داری ہے۔






