سری نگر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج جموں و کشمیر پولیس (گزیٹیڈ) سروس کے 29 نئے منتخب اَفسران کو تقرری نامے سونپے،جو یونین ٹیریٹری کے میرٹ پر مبنی حکمرانی اور مضبوط سیکورٹی کی جانب سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں کہا کہ تقرری نامے محض دستاویزات نہیں ہیں بلکہ ان میں جموں و کشمیر کے عوام کی جانب سے افسران پر کئے گئے غیر معمولی اعتماد کی ذمہ داری بھی شامل ہے۔ اُنہوں نے تقرری نامے کو عوام کی خدمت کی دعوت، ان کی عزت، سلامتی اور مستقبل کے تحفظ کے عہد اور افسران کو سونپی گئی ذمہ داری کی علامت قرار دیا۔اُنہوںنئے تعینات افسران کو مُبارک بادیتے ہوئے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن (جے کے پی ایس سی ) کے ذریعے منعقدہ سخت اور شفاف اِنتخابی عمل کو کامیابی سے مکمل کرنے پر ان کے عزم و استقلال کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے کمیشن کی جانب سے شفافیت، غیر جانبداری اور ساکھ کو برقرار رکھنے اور 2019 سے میرٹ کی بنیاد پر ملازمتوں کی فراہمی کی ایک نئی روایت قائم کرنے پرکمیشن کی ستائش کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے یاد دلایا کہ پہلی بار سبزی فروشوں اور مزدوروں جیسے عام کنبوں کے بچے بھی محض اَپنی صلاحیت اور محنت کی بنیاد پر سرکاری ملازمتیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔







