سری نگر/وزیر برائے خوراک، شہری رسدات اورامورِ صارفین ستیش شرما نے آج ایوان کو مطلع کیاکہ حکومت نے جموں و کشمیر بھر میں انتیوودیہ انا یوجنا (اے اے وائی) کے کنبوں کے لئے سالانہ چھ (6) مفت ایل پی جی کوکنگ گیس سلنڈر فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔وزیر موصوف نے یہ بات آج ایوان میں اپوزیشن کے ارکان کی جانب سے اُٹھائے گئے عوامی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اُنہوں نے واضح کیا کہ اس فراہمی کے تحت اہل اے اے وائی کنبہ ہر سال چھ ایل پی جی کوکنگ گیس سلنڈر مفت حاصل کرنے کے حقدار ہوں گے جس سے ان کے گھریلو کھانا پکانے کے تقاضوں میں نمایاں راحت ملے گی اور معاشرے کے سب سے زیادہ پسماندہ طبقوںسے تعلق رکھنے والے کنبوں پر مالی بوجھ کم ہوگا۔وزیر نے اُجاگر کیا کہ یہ اقدام سماجی تحفظ کے ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ فلاحی فوائد ان لوگوں تک پہنچیں جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔





