سری نگر11 اکتوبر،: : صدر ہند دروپدی مرمو نے بدھ کو کہا کہ جب نوجوان”امن، خوشحالی اور نظم و ضبط” کے راستے پر چلیں گے تو قوم خود بخود خوشحال اور ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں کشمیر یونیورسٹی کے طلباءکو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات میں بھی حصہ لیتے ہوئے دیکھنا چاہوں گی تاکہ معاشرے میں تبدیلی آئے۔کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) کے مطابق کہ کشمیر یونیورسٹی کے 20ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرمو نے کہا کہ قوم اس وقت مزید ترقی کرے گی جب زیادہ سے زیادہ نوجوان امن اور چین (امن اور خوشحالی) کی پیروی کریں گے۔ کانووکیشن ہال کے اسٹیج سے تالیوں کی گونج میں صدر نے کہا کہ”جب نوجوان نظم و ضبط کی پیروی کریں گے تو قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی.”صدر مرمو نے اپنی تقریر کا آغاز ”یہ چھہ موج کشمیر“ سے کیا اور ہال میں موجود طلبا اور دیگر شخصیات نے زبردست تالیاں بجائیں۔ انہوں نے کہا کہ "میں یہاں آ کر خوش ہوں، میں مختلف کانووکیشنز اور ملک کے مختلف اداروں اور یونیورسٹیوں میں گئی ہوں لیکن میں نوجوانوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ یہ کیمپس دوسروں سے بہت زیادہ خوبصورت ہے جبکہ انہوں نے کہا کہ کشمیر یونیورسٹی کو ماضی میں بھی حضرت بل کا فیض حاصل رہا ہے اور آگے بھی رہے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ 2023 میں یوم جمہوریہ کی پریڈ اور سماجی خدمات میں حصہ لینے والے ایک مقامی لڑکے کفایت اللہ کو نئی دلی کے راشٹرپتی بھون میں وارڈ دینے پر خوش ہوئی تھی۔صدر مرمو نے کہا کہ "میں کشمیر یونیورسٹی کے طلباءکو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات میں بھی حصہ لیتے ہوئے دیکھنا چاہوں گی تاکہ معاشرے میں تبدیلی آئے”. کے این ایس نمائندے کے مطابق کہ462 طالب علموں میں سے 21 ٹاپرز میں گولڈ میڈل تقسیم کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ”مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ٹاپ کرنے والوں میں 55فیصد لڑکیاں ہیں اور مجھے خوشی ہورہی ہے کہ ہماری لڑکیاں اور خواتین ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔آج کے ایوارڈ یافتہ ہمارے لئے تصویر اور تقدیر ہیں۔انہوں نے ماحولیات کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کو قدرتی تحفے سے نوازا گیاہے جبکہ انہوں نے کشمیری کہاوت کا انتخاب کرتے ہوئے کہا کہ”آن پوشے تیلی وان پوشے”،اور قدرتی وسائل کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور یہاں پر نوجوانوں کو اپنا قلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر یونیورسٹی ہمالیین گلیشیئرز کی حفاظت کے لئے اپنی پوری کوشش کر رہی ہے اور مجھے معلوم ہوا ہے کہ کئی محاذوں پر تحقیق کا سلسلہ بڑے پیمانے پرجاری ہے۔صدر مرمو نے جموں و کشمیر کو قومی تعلیمی پالیسی کو مکمل طور پر نافذ کرنے اور دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر سبقت حاصل کرنے پر مبارکباد دی جبکہ انہوں نے تمام ایوارڈ حاصل کرنے والوں کے بہتر مستقبل کی خواہش کی۔ نمائندے کے مطابق کہ اس سے قبل صدر مرمو کشمیر پہنچیں اور ہوائی اڈے پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ان کا استقبال کیا اور بعد میں وہاں پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ سرینگر ہوائی اڈے سے وہ جنگی یادگار پر شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سری نگر میں فوج کے 15کور ہیڈکوارٹر تک پہنچی۔ صدر مرمو ایک رات کےلئے سرینگر میں قیام کریں گی اور دن میں وہ مقامی قبائلی گروپوں اور خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کے ساتھ بات چیت کریں گی۔ اطلاعات کے مطابق کہ صدر جمہوریہ راج بھون سرینگر میں ان کے اعزاز میں دیے جانے والے استقبالیہ میں بھی شرکت کریں گی۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کی صبح صدر جموں کے کٹرا میں ماتا ویشنو دیوی کے لئے روانہ ہوں گی اور وہاں پر وہ تعمیر شدہ پاروتی بھون اور اسکائی واک کا افتتاح کریں گی۔الحاق نمائندے کے مطابق کہ کشمیر یونیورسٹی کے کنوکیش ہال میں انکے ہمراہ پولیس و سول انتظامیہ کے اعلیٰ ترین افسران بشمول ڈی جی پی دلباغ سنگھ، اے ڈی جی پی وجے کمار، اسپیشل ڈی جی (سی آئی ڈی) آر آر سوین، ایس ایس پی سری نگر راکیش بھلوال، ڈویڑنل کمشنر کشمیر وجے کمار بڈوری ،وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی نیلوفر خان ،ڈپٹی کمشنر سرینگر اعجازاسد، میئر ایس ایم سی جنید متو، وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی اور کشمیر یونیورسٹی کے اعلی افسران ،پرفسرز اور طلبا کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔









