سرینگر 16نومبر//جموںوکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی سیکورٹی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پولیس ، فوج ، سی آرپی ایف اور انتظامیہ سے وابستہ آفیسران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران ایل جی منوج سنہا کوکشمیر کی سیکورٹی صورتحال اور سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشن کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔ یو پی آئی کے مطابق جمعرات کی سہ پہر کو ایل جی منوج سنہا کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ صوبہ کشمیر کے دس اضلاع میںسیکورٹی اور ترقیاتی منظر نامے کا جائزہ لینے کی خاطر ایل جی منوج سنہا نے میٹنگ طلب کی تھی ۔ اس اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج آرآر سوئن، آئی جی کشمیر بردی ، اے ڈی جی پی لا اینڈ آرڈر وجے کمار ، فوج کی پندرہویں کور کے سربراہ راجیو گھائی کے علاوہ سراغ رساں ایجنسیوں اور سیول انتظامیہ سے وابستہ آفیسران نے شرکت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران ایل جی منوج سنہا کو کشمیر کی کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں پاور پوائنٹ پرزنٹیشن فراہم کی گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ پولیس سربراہ آر آر سوئن نے ایل جی منوج سنہا کو بتایا کہ سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے مدد گاروں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امسال سیکورٹی فورسز کو ملی ٹینٹوں کے خلاف کامیابیاں مل پائی ہیں۔ پولیس سربراہ نے مزید بتایاکہ وادی کشمیر میں دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کرنے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے جو اقدامات کئے جارہے ہیں اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی اور انہیں بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران ایل جی منوج سنہا نے سیکورٹی ایجنسیوںکو ہدایت دی کہ سرگرم ملی ٹینٹوں اور ان کے حمایتوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ضرورت ہے تاکہ وادی کشمیر میں مکمل طورپر امن و امان قائم ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ میٹنگ میں کشمیر کے ترقیاتی منظر نامے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا نے ایل جی منوج سنہا کو کشمیر میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔ انہوں نے بتایا کہ کشمیر کے سبھی دس اضلاع میں تعمیر وترقی کے کام شدومد سے جاری ہے۔ ان کے مطابق دیہی علاقوں میں بھی مختلف پروجیکٹوں پر کام جاری ہے اور عوام کو ان کی دہلیزوں پر انصاف فراہم کرنے کی خاطر انتظامیہ زمینی سطح پر کام کررہی ہیں۔









