سری نگر،راجوری:۴۲، ستمبر:: اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 24حلقوں میں 61فیصد سے زیادہ پولنگ درج ہونے کے بعدآج یعنی 25ستمبربروز بدھ کو جب اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں26اسمبلی حلقوں کےلئے صبح7بجے ووٹنگ کا عمل شروع ہوگا،تو239اُمیدواروںکی سیاسی قسمت الیکٹرانک ووٹنگ مشینوںمیں بند ہونا شروع ہوجائے گی۔پولنگ کے دوسرے مرحلے میں کشمیر کی15اورجموں خطے کی11نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگر،بڈگام اورگاندربل اضلاع پر سب کی نظریں مرکوز رہیں گی ،کیونکہ آج سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی سیاسی قسمت کا فیصلہ ایک نہیں بلکہ دو نشستوں یعنی گاندربل اوربڈگام میں ہوگا۔دیگراہم ترین اُمیدواروںمیں کانگریس جموں وکشمیرکے صدر طارق حمید قرہ( سینٹرل شالٹینگ)،اپنی پارٹی کے صدرسیدالطاف بخاری(چھانہ پورہ)،سابق وزیر علی محمد ساگر (خانیار)،سابق ممبر قانون ساز کونسل محمدخورشید عالم(عیدگاہ)،سابق اسپیکر مبارک گل (عیدگاہ)،سابق وزیر محمد اشرف میر(لالچوک)،سابق وزیر آسیہ نقاش(حضرت بل )،سابق ممبر اسمبلی شمیمہ فردوس ،سابق وزیر خزانہ عبدالرحیم راتھر،سابق وزیر حکیم محمدیاسین ،سابق ممبر اسمبلی اشفاق جبار اوردیگرکئی لیڈران سمیت کل160اُمیدوارشامل ہیں۔90رکنی اسمبلی سیٹوں میں سے جموں و کشمیر کے6 اضلاع کے26 اسمبلی حلقوں میں بدھ کو پولنگ ہوگی۔ جموں خطے میں 11 حلقوں میں پولنگ ہوگی اور کشمیر میں15 سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔انتخابات کے اس مرحلے میں کل 25 لاکھ78ہزار99 ووٹر 239اُمیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کرنے کےلئے ووٹ دینے کے اہل ہیں،جن میں 18سے19 برس کی عمرکے ایک لاکھ20ہزار سے زیادہ نوجوان ووٹراوربھی شامل ہیں،جن میں سے بیشتر پہلی مرتبہ اپنے حق رائے دہی کااستعمال کریں گے۔ حکام نے منصفانہ، شفاف ووٹنگ کے عمل کے لیے ویب کاسٹنگ کے ساتھ3502 پولنگ اسٹیشن قائم کیے ہیں اور سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔18 ستمبر کو سمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 24 حلقوں 61 فیصد سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے۔اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج بھاجپا جموں وکشمیرکے صدر رویندر رینا کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا، جو نوشہرہ سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔رویندررینا کو سابق ایم ایل سی سریندر چودھری کی طرف سے سخت چیلنج کا سامنا ہے جو نیشنل کانفرنس کی ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔دوسرے مرحلے میں جموں خطے کی 11نشستوں پرجن نمایاں امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کیا جائے گا، ان میں بھاجپا جموں وکشمیرکے صدر رویندر رینا کے علاوہ چودھری ذوالفقار(بدھل)،مرتضیٰ خان اور سید مشتاق بخاری (سرنکوٹ)بھی شامل ہیں۔آج 25ستمبر کو اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جن 26حلقوں میں پولنگ ہو گی, ان میں ضلع سری نگر کے حضرت بل، خانیار، حب کدل، لال چوک، چھانہ پورہ، زڈی بل ، عیدگاہ اور سنٹرل شلتینگ، وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں بیروہ، خانصاحب، چرار شریف اور چاڈورہ سمیت 5 حلقے، گاندربل ضلع میں 2حلقوں گاندربل اور کنگن میں پولنگ ہو رہی ہے۔اُدھرجموں خطے کے ریاسی ضلع کے حلقوں میں گلاب گڑھ (ایس ٹی) اور شری ماتا ویشنو دیوی ، کالا کوٹ سندر بنی، نوشہرہ، راجوری، تھانہ منڈی اور بدھل راجوری ضلع میں اور باقی 3، پونچھ،حویلی، مینڈھر اور سرنکوٹ ، پونچھ ضلع میں ہیں۔قابل ذکرہے کہ کئی دہائیوں تک نیشنل کانفرنس کا مضبوط قلعہ رہنے والے ضلع سری نگرمیں 2014کے اسمبلی انتخابات میں پی ڈی پی نے8 میں سے5 سیٹیں جیت کر این سی کے گڑھ سری نگر میں قدم رکھا تھا۔ این سی کو صرف تین سیٹیں ملی تھیں۔ تاہم، اس بار سری نگر میں ہونے والے انتخابات میں این سی کے زیادہ مضبوط ہونے کا امکان ہے۔