سری نگر:۵۲، ستمبر:: جموں وکشمیر میں 3 مراحل پر مشتمل اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی پہلے مرحلے کی طرح 60فیصد سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے ۔جہاں 8نشستوں والے سری نگر ضلع میں پولنگ کی مجموعی شرح آخری اطلاعات ملنے تک30فیصد کے لگ بھگ رہی ،وہیں بڈگام ،گاندربل ،راجوری ،پونچھ اورریاسی میں ووٹنگ کی شرح 60فیصد سے 72فیصد تک ریکارڈکی گئی ۔تاہم پولنگ کا مقررہ وقت شام6بجے مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن اور جموں وکشمیرکے چیف الیکٹورل آفس کی جانب سے دوسرے مرحلے میں 26اسمبلی حلقوںمیں ڈالے گئے ووٹوںکی مجموعی اور حلقہ وار اعدادوشمار اورتفصیلات جاری کی جائیں گی ۔6اضلاع میں پھیلے 26اسمبلی حلقوںمیں قائم 3502پولنگ بوتھوں پر سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ بدھ کو علی الصبح سے ہی ووٹروںکی لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئی ،جن میں خواتین اور پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والے نوجوانوںکی ایک بڑی تعداد بھی شامل تھی ۔جموں وکشمیرکے الیکشن دفتر نے کہاکہ پہلے مرحلے کی طرح ہی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی پولنگ کاعمل پُرامن اور خوشگوا ر اندازمیں دن بھرجاری رہا اور کہیں سے کسی ناخوشگوار واقعے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔خیال رہے بدھ کو انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کیساتھ ہی عمر عبداللہ،طارق حمید قرہ ، سیدالطاف بخاری ،رویندررینا،علی محمدساگر،عبدالرحیم راتھر،حکیم محمدیاسین،مبارک گل،محمد اشراف میرآسیہ نقاش،،شمیمہ فردوس ، خورشید عالم ،چودھری ذوالفقار،سید مشتاق بخاری اورمرتضیٰ خان سمیت متعدد نامی گرامی لیڈران کی سیاسی قسمت الیکٹرانک ووٹنگ مشینوںمیں بند ہوگئی۔جے کے این ایس کے مطابق اسمبلی انتخابات 2024کے دوسرے مرحلے میں بدھ25ستمبر کو صبح 7بجے 6اضلاع کے26اسمبلی حلقوںمیں قائم3502پولنگ بوتھوں پر ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہوگیا جبکہ اس مرحلے میں کل 239اُمیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کرنے کاحق25 لاکھ78ہزار99 ووٹروں کو تھا ،جن میں 18 سے19 برس کی عمرکے ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ نوجوان ووٹربھی شامل ہیں ،جو پہلی مرتبہ اپنا ووٹ ڈالنے کے اہل تھے ۔ملی تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح ووٹ ڈالنے کی رفتار قدرے کم رہی تاہم وقت گزرنے کیساتھ ساتھ اسمیں تیزی دیکھی گئی ،جب دوپہرکے وقت پولنگ مراکز کے باہر ووٹروں کی لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئی ،جو اپنے حق رائے دہی کااستعمال کرنے کےلئے تپتی دھوپ میں اپنی باری کاانتظار کرتے رہے،اور بعدازاں ووٹ ڈالے کر لوگوںنے خوشی کااظہارکیا۔الیکشن دفتر کے مطابق بدھ کو صبح 9 بجے تک 6اضلاع میں پھیلے 26اسمبلی حلقوںمیں 10.22 فیصد ووٹر ٹرن آو ¿ٹ ریکارڈکیا گیا ،جس میں سب سے کم شرح سری نگرضلع میں رہی ۔تاہم اسکے بعد ووٹروںکی آمدمیں اضافہ ہونے کے بعد صبح 11 بجے تک 6اضلاع میں پھیلے 26اسمبلی حلقوںمیں 24.10 فیصد ووٹر ٹرن آو ¿ٹ درج ہوا۔الیکشن آفس کے مطابق اسکے بعد اگلے2گھنٹوں کے دوران ووٹنگ کی شرح میں13فیصد اضافہ ہوا ،اور دوپہر ایک بجے تک36.93 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔حکام نے مزید بتایاکہ سہ پہر3 بجے تک6اضلاع میں پھیلے 26اسمبلی حلقوںمیں پولنگ کی شرح46.12فیصدتک پہنچ گئی ۔اور پھر شام 5 بجے تک 6اضلاع میں پھیلے 26اسمبلی حلقوںمیں پولنگ کی شرح54فیصدتک ریکارڈکی گئی۔حکا م کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق شام 5بجے تک 8اسمبلی حلقوں پر مشتمل ضلع سری نگر میں ووٹنگ کی مجموعی شرح27.31فیصد،5اسمبلی حلقوں پر محیط ضلع بڈگام میں ووٹنگ کی مجموعی شرح58.97فیصد،2حلقوں پر مشتمل ضلع گاندربل میں 58.81فیصد، ضلع پونچھ میں71.59فیصد، راجوری ضلع میں 67.77فیصد، اور ضلع ریاسی میں 71.81فیصدپولنگ ریکارڈ کی گئی۔پولنگ کے دوسرے مرحلے میں کشمیر کی15 اورجموں خطے کی11نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے گئے،اورکل 239اُمیدواروںکی سیاسی قسمت الیکٹرانک ووٹنگ مشینوںمیں بند ہوگئی ۔ سری نگر،بڈگام اورگاندربل اضلاع پر سب کی نظریں مرکوز رہیں گی ،کیونکہ آج سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی سیاسی قسمت کا فیصلہ ایک نہیں بلکہ دو نشستوں یعنی گاندربل اوربڈگام میں ہوگا۔دیگراہم ترین اُمیدواروںمیں کانگریس جموں وکشمیرکے صدر طارق حمید قرہ( سینٹرل شالٹینگ)،اپنی پارٹی کے صدرسیدالطاف بخاری(چھانہ پورہ)،سابق وزیر علی محمد ساگر (خانیار)،سابق ممبر قانون ساز کونسل محمدخورشید عالم(عیدگاہ)،سابق اسپیکر مبارک گل (عیدگاہ)،سابق وزیر محمد اشرف میر(لالچوک)،سابق وزیر آسیہ نقاش(حضرت بل )،سابق ممبر اسمبلی شمیمہ فردوس ،سابق وزیر خزانہ عبدالرحیم راتھر،سابق وزیر حکیم محمدیاسین ،سابق ممبر اسمبلی اشفاق جبار اوردیگرکئی لیڈران بھی اہم ہیں۔جموں خطے میں 11 حلقوں میں پولنگ ہوگی اور کشمیر میں15 سیٹوں پر پولنگ ہوئی۔۔اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھاجپا جموں وکشمیرکے صدر رویندر رینا کی قسمت کا فیصلہ بھی ووٹنگ مشین میں بندہوگیا ، جو نوشہرہ سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔دوسرے مرحلے میں جموں خطے کی 11نشستوں پرجن نمایاں امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ووٹنگ مشینوں میں بندہوگیا، ان میں بھاجپا جموں وکشمیرکے صدر رویندر رینا کے علاوہ چودھری ذوالفقار(بدھل)،مرتضیٰ خان اور سید مشتاق بخاری (سرنکوٹ)بھی شامل ہیں۔ 25ستمبر کو اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جن 26حلقوں میں پولنگ ہو ئی، ان میں ضلع سری نگر کے حضرت بل، خانیار، حب کدل، لال چوک، چھانہ پورہ، زڈی بل ، عیدگاہ اور سنٹرل شلتینگ، وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں بیروہ، خانصاحب، چرار شریف اور چاڈورہ سمیت 5 حلقے، گاندربل ضلع میں 2حلقوں گاندربل اور کنگن شامل ہے۔اُدھرجموں خطے کے ریاسی ضلع کے حلقوں میں گلاب گڑھ (ایس ٹی) اور شری ماتا ویشنو دیوی ، کالا کوٹ سندر بنی، نوشہرہ، راجوری، تھانہ منڈی اور بدھل راجوری ضلع میں اور باقی 3، پونچھ،حویلی، مینڈھر اور سرنکوٹ ، پونچھ ضلع میں ہیں