سری نگر/24 اکتوبر2024ئنائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے جموں و کشمیر میں غیر قانونی کان کنی پر مکمل پابندی عائد کرنے کی ضرورت پر زوردیا ۔اُنہوں نے اِقتصادی ترقی اور عوامی اثاثوں کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے معدنی وسائل کے اِستعمال میں شفافیت اور جوابدہی پربھی زور دیا۔اُنہوں نے سول سیکرٹریٹ میں ایک جائزہ میٹنگ کے دوران افسران کو ہدایت دی کہ معدنی بلاکس مختص کرتے وقت ماحولیاتی مسائل کو ترجیح دی جائے ، نباتات اور حیوانات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور پانی اور دیگر قدرتی وسائل کو آلودہ ہونے سے روکا جائے۔سریندر کمار چودھری نے کہا کہ حکومت کان کنی کے ذمہ دارانہ طریقوں کے لئے پُرعزم ہے جو اِقتصادی ترقی کو ماحولیاتی ذمہ داری کے ساتھ متوازن کرتی ہے۔نائب وزیرا علیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ غیر قانونی کان کنی پر مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ خطے کے نباتات اور حیوانات کے تحفظ کے ساتھ ماحولیات کاتحفظ موجودہ حکومت کی ترجیح اور اوّلین مقصد ہے۔