جموں/27فروری2025ئسپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ایڈووکیٹ عبدالرحیم راتھرنے آج تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور آزادممبران قانون سازاسمبلی پر زور دیا کہ وہ آئندہ بجٹ سیشن کے دوران تعاون کریں تاکہ ایوان کی کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔سپیکر موصوف نے3 مارچ 2025 ءکو شروع ہونے والے بجٹ سیشن سے قبل آل پارٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے قانون سازی کی کارروائی کو احسن طریقے سے چلانے کے لئے مکالمے ، ہم آہنگی اور اِتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔ اِس میٹنگ میں اپوزیشن لیڈر سنیل شرما اور سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کی نمائندگی کی۔مبارک گُل نے نیشنل کانفرنس، غلام احمد میر نے اِنڈین نیشنل کانگریس، محمد یوسف تاریگامی نے کمیونسٹ پارٹی آف اِنڈیا (ایم)، ایڈووکیٹ مظفر اِقبال خان نے بطور آزاد رُکن جبکہ وحید الرحمان پرہ نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈِی پی) کی نمائندگی کی۔ سپیکر عبدالرحیم راتھر نے اَپنے اِبتدائی کلمات میں مکالمے، تعاون اور اتفاق رائے کی تعمیر کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ایوان کی کارروائی مو¿ثر اور نتیجہ خیز رہے۔اُنہوں نے تمام جماعتوں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ مباحثوں اور گفتگو میں سرگرمی سے حصہ لیں کیوں کہ ایم ایل ایز عوامی فلاح و بہبود کے مسائل کو اُجاگر کرنے میں کلیدی رول اَدا کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا،”بجٹ سیشن پالیسی پر غور و خوض اور مالی منصوبہ بندی کے لئے ایک اہم وقت ہے۔ میں آپ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ بامعنی بحث و مباحثے میں حصہ لیں، ایوان کے آداب کو برقرار رکھیں اور اَپنے لوگوں بالخصوص پورے جموں و کشمیر کے اِجتماعی مفاد کے لئے کام کریں۔“







