سر ی نگر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج جھیل ڈل کے کنارے ریڈنگ میراتھن کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا جو علم ،فِٹنس اور ماحولیاتی ذمہ داری کے منفرد اِمتزاج کی علامت ہے ۔ یہ تقریب نیشنل بُک ٹرسٹ کی جانب سے ” ایجوکیشن وویک “کے تحت منعقد کی گئی جو قومی تعلیمی پالیسی (این اِی پی) کی کامیاب عمل آوری کے چھ برس مکمل ہونے پر منائی جارہی ہے۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے مختلف کالجوں اوریونیورسٹیوں سے آئے ہزاروں طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے اِجتماعی سیکھنے اور سماجی ذِمہ داری کی علامت کے طور پر ریڈنگ میراتھن کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،”تعلیم کو صرف کتابوں اور اِمتحانی ہالوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے کھیل کے میدانوں، سماجی سرگرمیوں اور روزمرہ زِندگی کا حصہ بننا چاہیے۔ آج کی ریڈنگ میراتھن اسی ویژن کی بہترین مثال ہے۔“ریڈنگ میراتھن نے”سبز مستقبل کے لیے دوڑنا“ کا پیغام عام کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اس نعرے کوزندگی کا فلسفہ قرار دیا ۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ علم کے فروغ اور ماحولیات کے تحفظ، دونوں کے لئے صبر، نظم و ضبط اور مسلسل اِجتماعی کوشش ناگزیر ہے۔اُنہوں نے کہا، ”مطالعہ ہمارے خیالات کو تقویت بخشتا ہے ، دوڑنا ہمارے جسم کو مضبوط بناتا ہے اورفطرت کی حفاظت کا جذبہ ہمارے ضمیر کو بیدار کرتا ہے۔ یہ تینوں عناصر مل کر معاشرے کو مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرتے ہیں۔“







