سری نگر :جموں و کشمیر کے میڈیکل انٹرن یعنی تربیتی ایم بی بی ایس اوربی ڈی ایس ڈاکٹروں نے منگل کو اپنی ہڑتال ختم کر دی اور اپنی ڈیوٹی دوبارہ شروع کر دی جب وزیر صحت اور طبی تعلیم سکینہ مسعود ایتو نے انہیں یقین دلایا کہ وظیفہ بڑھانے کے ان کے مطالبے کو 30 دنوں کے اندر حتمی شکل دی جائے گی۔خبر رساں ایجنسی جے کے این ایس سے بات کرتے ہوئے تربیتی ایم بی بی ایس اوربی ڈی ایس ڈاکٹروں وفد میں شامل ایک رکن نے کہا کہ ہم نے وزیرصحت سے ملاقات کی اور ہمیں یقین دلایا گیا کہ ہمارا معاملہ30 دنوں کے اندر حل کر لیا جائے گا۔وفد کے رکن نے کہا کہ یقین دہانی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خبر رساں ایجنسی کے پاس دستیاب تفصیلات کے مطابق ریکارڈ نوٹ کے مطابق میڈیکل انٹرنز نے وزیرصحت سکینہ ایتو کو موجودہ وظیفہ کے ڈھانچے سے آگاہ کیا اور ان کے فرائض، کام کے بوجھ اور ذمہ داریوں کی نوعیت کے پیش نظر اس پر نظرثانی کی درخواست کی۔اس میٹنگ کی صدارت وزیر سکینہ ایتو نے کی اور اس میں پرنسپل، گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر اور جموں و کشمیر کے مختلف میڈیکل کالجوں کے میڈیکل انٹرن کے نمائندوں نے شرکت کی۔وزیرصحت نے وفد کی تحمل سے سماعت کی اور کہا کہ انٹرنز کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات قابل غور ہیں، جبکہ انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے جائز مسائل کے تئیں حساس ہے۔سکینہ ایتو نے وفد کو بتایا کہ یہ معاملہ پہلے ہی زیر غور ہے اور 27 جون 2023 کے گورنمنٹ آرڈر نمبر538-JK(HME)آف2023 کے تحت اس مسئلے کی جامع جانچ کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔یہ دیکھا گیا کہ معاملے کو تیزی سے منطقی انجام تک پہنچانے کی ضرورت ہے تاکہ انٹرنز کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بری طرح متاثر نہ ہوں اور ہسپتال کی خدمات اور مریضوں کی دیکھ بھال بلا تعطل جاری رہے





