سری نگر// شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں واقع مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کرسمس اور نئے سال کی آمد کے پیش نظر ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں سیاح جمع ہوئے ہیں۔بتادیں کہ گلمرگ میں جمعرات کو تازہ برف باری ہوئی جس سے وہاں موجود سیاحوں کو لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔محکمہ سیاحت کے زیر اہتمام گلمرگ میں نو روزہ سرمائی کارنیول منایا جا رہا ہے جو یکم جنوری تک جاری رہے گا اس دوران سکائنگ،موسیقی، گیمز، سنو بائیکنگ، آئس اسکیٹنگ اور گنڈولا رائڈ جسیے کئی پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا۔محکمہ سیاحت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جاوید الرحمان نے یو این آئی کو بتایا کہ گلمرگ کے تمام ہوٹل سیاحوں سے بھرے ہوئے ہیں کسی بھی ہوٹل میں ایک کمرہ بھی خالی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر سال ماہ دسمبر گلمرگ میں مصروف ترین مہینہ رہتا ہے۔ان کا کہنا تھا: ’امسال بھی گلمرگ میں مسیحی برادری کے مشہور تہوار کرسمس اور نئے سال کی آمد کےپیش نظر سیاحوں کا بے تحاشا رش دیکھنے کو مل رہا ہے اور ان سیاحوں کو ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے تمام تر اقدام کئے گئے ہیں‘۔موصوف اسسٹننٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ دنیا کے مخلتف ممالک سے تعلق رکھنے والے سکائینگ کھلاڑی گلمرگ میں موسم سرما کے دوران ایک الگ طرح کا ہی ماحول بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے کشمیر آنے سے گریز کرنے والے سیاح بھی اب یہاں آنے لگے ہیں کیونکہ ان کی ترجیحی بنیادوں پر کورونا ٹکہ کاری کی جاتی ہے اور ان کو بہترین سہولیات بہم پہنچائی جا رتی ہیں۔مسٹر جاوید الرحمان کا کہنا تھا کہ سال رواں کے دوران 5 لاکھ 84 ہزار سیاح گلمرگ کی سیر سے لطف اندوز ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ سال رواں میں ماہ نومبر میں سب سے زیادہ 53 ہزار 2 سو 19 سیاحوں نے گلمرگ کی سیر کی جبکہ ماہ اکتوبر میں 47 ہزار3 سو 84 سیاح گلمرگ کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہوگئے۔