سرینگر/5 فروری
سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے حکام نے جمعہ کو کہا کہ فروری اور مارچ کے مہینے میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو طے شدہ پروازیں شام 5بجے کے بعد نہیں چلیں گی کیونکہ ان دنوں ائرپورٹ کے’ رن وے‘ پر منصوبہ بند مرمتی سرگرمیوں کو انجام دیا جائے گا۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ایک ترجمان نے کہا”وہ فروری اور مارچ مہینوں کے دوران پورے رن وے پر پولیمر موڈیفائیڈ ایملشن کا کام شروع کر رہے ہیں“۔انہوںنے کہاکہ یہ مرمتی سرگرمیاں پروازوں کے آپریشن کےلئے رن وے کو مضبوط بنانے اور ٹوٹ پھوٹ کو کنٹرول کرنے کےلئے ضروری ہے۔ یہ کام تمام جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو کیا جائے گا۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ رات کے وقت صرف شام5بجے سے صبح6بجے تک کام کرکے پرواز میں خلل کو کم سے کم کیا جائے۔ا±نہوں نے مزید کہا کہ پروازیں صبح 6بجے سے شام 5بجے تک چلائی جائیں گی۔ ہوائی اڈے کے ایک ترجمان نے کہاکہ جو پروازیں بند ہونے کے اس وقت کے دوران آپریٹ ہونے والی تھیں، ان کو روزانہ شام5بجے سے پہلے چلانے کےلئے دوبارہ شیڈول کیا گیا ہے۔ متعلقہ ایئر لائنز کی طرف سے تمام متاثرہ مسافروں کو معلومات پہلے ہی دے دی گئی ہیں۔بیان میں لکھا گیا ہے کہ متاثرہ پروازوں کے مسافروں سے درخواست کی جاتی ہے کہ اگر انہوں نے فروری اور مارچ کے مہینے میں جمعہ، ہفتہ یا اتوار کو شام 5بجے کے بعد اپنی پروازیں بک کرائی ہیں تو وہ روانگی کے نظرثانی شدہ اوقات کی تصدیق کریں۔