اندورنی معاملات میںمداخلت کرنے والے ممالک اپنے فکر کریں ،ہم اپنے معاملات سنبھالنے کے اہل
کشمیر کے حالات کو بہتر قرار دیتے ہوئے نائب صدر ہند وینکیا نائیڈو نے کہا کہ جموں وکشمیر میں امن بحالی پہلی ترجیح ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ کچھ ممالک مسلسل بھارت کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کرتے یں اور ہم ان ممالک کو بتاتے ہیں کہ آپ اپنے ممالک کی فکر کریں ہم اپنے معاملات سنبھالنے کے اہل ہیں۔اطلاعات کے مطابق نئی دلی میں ایک کالج کی تقریب کے دوران اپنے خطاب میں نائب صدر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان کے اندرونی معاملات پر تبصرہ کرنا چند ممالک کا معمول بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاملات پر تبصرہ کرنا ایک فیشن بن گیا ہے۔ لیکن ہم ان ممالک کو بتاتے ہیں کہ آپ اپنا انتظام کریں اور ہم اپنا انتظام کریں گے۔ ہم اپنے معاملات سنبھالنے کے اہل ہیں۔جموں کشمیر سے دفعہ 370کے خاتمہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں دفعہ 370عارضی تھا جس کے بعد اس معاملے کو لیکر پارلیمنٹ میں بحث ہوئے اور تب ہی جاکر ہماری سرکار نے اس کا خاتمہ کیا لیکن میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اس معاملے کو بھی کچھ ممالک نے اپنے ذاتی مقاصد کیلئے اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ تھا ، ہے اور رہیں گا۔کشمیر میں سرحد پار کی طرف سے چھیڑی گئی درپردہ جنگ کا ذکر کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ درپردہ جنگ ہی کشمیر میں امن کیلئے بڑا خطرہ ہے اور اس خطرے سے نمٹنے کیلئے ہر سطح پر سیکورٹی فورسز کو کام کرنا ہوگا۔کشمیر کے حالات کو بہتر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں تعینات فوج کیلئے امن بحالی پہلی ترجیح ہے تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ سرحد پار کی درپردہ جنگ کشمیر میں امن کیلئے ہنوز خطرہ ہے ۔