سری نگر،/ سری نگر کے مومن آباد بٹہ مالو علاقے میں جمعے کے روز چوروں نے فلمی انداز میں ایک گھر میں گھس کر دو کسمن بہنوں کو رسی سے باندھ کر چوری کرنے کی کوشش کی اور اس دوران دونوں بہنوں پر تیز دھار والے ہتھیاروں سے حملہ کرکے انہیں کو زخمی کر دیا۔
تاہم پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے اور گرفتار شدہ کی شناخت عمر یوسف وانی کے بطور کی گئی ہے۔
ایک مقامی شخص نے بتایا کہ میں دکان پر بیٹھا تھا کہ میں نے اچانک چیخوں کی آواز سنی۔
انہوں نے کہا کہ میں فوراً اس طرف دوڑ اور مکان میں دیکھا کہ چوروں نے دو کمسن بہنوں کو رسی سے باندھ لیا تھا اور ان سے خون بہہ رہا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ایک بہن کے ہاتھ اور چہرہ زخمی تھا۔
متاثرہ بہنوں کی والدہ نے بتایا کہ ہم نماز جمعہ ادا کرنے کے لئے گئے ہوئے تھے کہ اس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ میرے گھر میں تین بیٹیاں تھیں دو کو رسی سے باندھا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دو چور گھر میں گھس گئے تھے جن میں سے ایک کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
موصوفہ نے کہا کہ ہمارے گھر میں اس سے قبل بھی چوری ہوئی ہے جس کے بارے میں ہم نے پولیس میں رپورٹ بھی درج کی تھی۔
دریں اثنا سری نگر پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’ پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرکے بٹہ مالو علاقے میں ایک گھر میں گھس کر دو بہنوں پر حملے کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم عمر یوسف وانی کو گرفتار کیا ہے‘۔
ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ خواتین کے خلاف جرائم کو کسی بھی صورت میں بر داشت نہیں کیا جائے گا۔