حجاب تنازعہ کو لیکر مسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی کی جانب سے دئے گئے بیان پر ایک مرتبہ پھر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت نے کہا کہ کسی بھی ملک کو اندرون معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق آئی او سی کے حجاب معاملے پر جاری کردہ بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ مفادات حاصلہ نے او آئی سی کو یرغمال بنالیا ہے اور بھارت کے خلاف اپنے ناپاک پروپگنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔باغچی نے کہا کہ اس وجہ سے او آئی سی کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔خیال رہے کہ او آئی سی کے جنرل سکریٹری نے بھارت سے کہا تھا کہ وہ مسلمانوں کی حفاظت و سلامتی اور بھلائی کو یقینی بنائے۔ او آئی سی کی جانب سے جاری بیان میں ریاست کرناٹک، اترپردیش اور مدھیہ پردیش کے تعلیمی اداروں میں حجاب پہننے پر پابندی کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔اسلامی تعاون تنظیم نے اپنے بیان میں اترکھنڈ میں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے مسلم نسل کشی کی دھمکی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی قوتوں بالخصوص اقوام متحدہ سے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک اور پْرتشدد واقعات کا نوٹس لے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔