قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتہ کو جموں و کشمیر اور راجستھان میں جموں و کشمیر دہشت گردی سازش کیس سے متعلق متعدد مقامات پر تلاشی لی۔جے کے این ایس کے مطابق یہ تلاشی جموں و کشمیر کے سوپور، کپواڑہ، شوپیاں، راجوری، بڈگام، گاندربل اضلاع اور راجستھان کے ضلع جودھ پور میں8 مقامات پر کی گئی۔جموں وکشمیرمیں نصف درجن سے زیادہ مقامات پرڈالے گئے چھاپوں اورکی گئی تلاشی کارروائیوںکے دوران جموں وکشمیرپولیس اورسی آرپی ایف کے مشترکہ دستے این آئی اے ٹیموں کیساتھ تھے ،تاہم تلاشی کارروائیوںکے دوران پولیس وفورسزکے اہلکار چھاپوںکی جگہو ں یعنی مکانات ودیگرمقامات سے باہر رہے ۔این آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ آج کی گئی تلاشی کے دوران مختلف مجرمانہ دستاویزات ،Digital-Devices ڈیجیٹل ڈیوائسز، سم کارڈس، Storge Digital Devices یعنی ڈیجیٹل ڈیٹامحفوظ رکھنے کے آلات ضبط کئے گئے ہیں۔قومی تحقیقاتی (این آئی اے) نے کہا کہ یہ مقدمہ جموں و کشمیر اور نئی دہلی سمیت دیگر بڑے شہروں میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں لشکر طیبہ، جیش محمداور حزب ، البدر اور ان سے ملحقہ تنظیمیں جیسے کہ مزاحمتی محاذ (TRF)، پیپلز اگینسٹ فاشسٹ فورسز (PAFF) وغیرہ کے کیڈروں کے ذریعہ پرتشدد دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور سازش سے متعلق ہے۔این آئی اے نے اس معاملے میں اب تک 28 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے ترجمان نے کہاکہ معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔