چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج جے اینڈ کے ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن ( جے کے ٹی ڈی سی ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کی صدارت کی ۔ انتظامی سیکرٹری محکمہ سیاحت ، انتظامی سیکرٹری پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ ، ایم ڈی جے کے ٹی ڈی سی ، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر اور ڈائریکٹر ٹورازم جموں کے ساتھ محکمہ کے متعہلقہ افسران نے میٹنگ میں شرکت ک ۔ کارپوریشن کی تمام جائیدادوں اور وسائل کو بہترین طریقے سے استعمال کرنے کیلئے چیف سیکرٹری نے تمام جاری پروجیکٹوں کو فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت دی تا کہ ان کو ایک ماہ کے اندر نتیجہ خیز استعمال میں لایا جا سکے ۔ اس موقع پر جے کے ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن سے کہا گیا کہ وہ اپنی آفیشل ویب سائٹ اور مختلف سوشل میڈیا ہینڈلز کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنائے اور ایک ہفتے کے اندر تمام رسائی کے مسائل کو حل کرے ۔ انہوں نے کارپوریشن سے کہا کہ وہ ’کوئی اثاثہ نامکمل ‘ کوئی اثاثہ کم استعمال نہیں ‘ کے منتر پر کام کرے ۔ چیف سیکرٹری نے سیاحوں اور مسافروں کو پُر کشش بکنگ کے اختیارات پیش کرنے کیلئے ڈائنامک پرائسنگ سافٹ وئیر کو اپنا کر بکنگ کے انتظامات کو ہموار کرنے پر زور دیا ۔ کارپوریشن کے کھاتوں کی مناسب بک کیپنگ کیلئے متعلقین کو ہدایت دی گئی کہ وہ 3 ماہ کے اندر اندر ایک خود کار اکاؤنٹنگ سسٹم میں شفٹ ہو جائیں جبکہ سالانہ اکاؤنٹ کے آڈٹ کو بروقت مکمل کریں ۔ ڈاکٹر مہتا نے ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو ہدایت دی کہ وہ نیتی آیوگ کے ساتھ مشاورت کے ساتھ اپنی 12 شناخت شدہ جائیدادوں کو آؤٹ سورس کرے ۔ اسی طرح محکمہ سیاحت سے بھی کہا گیا کہ وہ 15 نئے تعمیر شدہ انفراسٹرکچر کی آؤٹ سورسنگ کرے تا کہ عوام کے زیادہ سے زیادہ استعمال ہو سکے ۔ انہوں نے اعلیٰ سطح کے گالف ٹورازم پر خصوصی زور دیا ۔ ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی ( ڈی پی سی ) کے اجلاسوں کے بارے میں جے کے ٹی ڈی سی سے کہا گیا کہ وہ اپنے ملازم کے مفاد میں بروقت ترقیوں کیلئے باقاعدگی سے اپنی میٹنگیں منعقد کریں ۔