ؓبانڈی پورہ //سمبل بانڈی پورہ شمالی کشمیر کے سب ضلع سمبل کے کانفرنس ہال ڈاک بنگلہ میں جمعرات کو ادارہ ایشین میل اور شاہ ِ جیلان پبلک اسکول کے باہمی اشتراک سے ’پیر وا>ر ‘کے عنوان کے تحت ایک صوفی کانفرنس منعقد ہوئی۔اس تقریب میں وادی کشمیر کے مشہور ومعروف ادیب ،قلمکار ،شعراءاور سماج کے مختلف ذی حِس طبقے سے وابستہ شخصیات کے علاوہ طلباءاور طالبات کیساتھ ساتھ عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جن شخصیات نے تقریب میں شرکت کی ،اُن میں ادیب ،شاعر براڈ کاسٹر اور محب اولیائ،عبدالا حد فرہاد ، ٹریڈ یونین لیڈر اعجاز احمد خان ،معروف صحافی اور انڈیا ٹوڈے کے ایڈیٹر اشرف وانی ،صحافی اور کے این ایس کے مدیر اعلیٰ محمد اسلم بٹ ،سب ضلع مجسٹریٹ سمبل ڈاکٹر بشیر احمد لون ،ادیب ،شاعر اور ڈرامہ نویس ،عبدالرشید غمگین ،عالم وفاضل مولوی غلام محمد ،ادیب عبد الخا لق شمس ،سید منظور جمیل وغیر شامل ہیں جبکہ تقریب میںایک درجن سے زیادہ شعرا ءبھی موجود رہے۔چوتھی جماعت کے طالب علم حسید روف قریشی نے تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز کیا جبکہ نعتیہ کلام تیسری جماعت کی طالبہ مدحیہ بنت ِ طارق نے پیش کیا۔پانچویں جماعت کی طالبہ رتبہ فرودس نے موضوع پر اپنا مکالمہ پیش کیا۔ادارہ ایشین میل کے مدیر اعلیٰ رشید راہل نے استقبالیہ خطبہ دیتے ہوئے تقریب کے اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب نوجوان نسل تک پہنچنے کی کوشش ہے اور اس تقریب کا بنیادی اور واحد مقصد نوجوان نسل کو کشمیر کے تابناک ماضی ،روشن تاریخ ،انمول تہذیب وتمدن اور ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی نئی پود اپنے ماضی سے غافل ہے اور سماج کے ہر ایک ذی حس طبقے پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس حوالے سے انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ ایشین میل نے دو سال قبل ایک پہل کی اور اُسی پہل کے تحت اس طرح کی تقاریب منعقد کی جاتی ہیں ،تاکہ نوجوان نسل اپنے ماضی اور تاریخ سے ہم آہنگ ہوسکے۔اس موقع پر متعدد مقررین جن میں ادیب ،شاعر براڈ کاسٹر اور محب اولیاء، عبدالا حد فرہاد ، ٹریڈ یونین لیڈر اعجاز احمد خان ،معروف صحافی اور انڈیا ٹوڈے کے ایڈیٹر اشرف وانی ،صحافی اور کے این ایس کے مدیر اعلیٰ محمد اسلم بٹ ،سب ضلع مجسٹریٹ سمبل ،ڈاکٹر بشیر احمد لون وغیرہ شامل ہیں ، نے کہا کہ صوفیاءکی تعلیمات پر امن معاشرے کے قیام کیلئے عملی رہنمائی دیتی ہیں۔ان کا کہناتھا کہ عدم برداشت کے دور میں صوفیاءکی تعلیم سے ہی برداشت کی قوت عطا ہوگی۔تقریب کی دوسری نشست میں صوفی محفل مشاعرہ کا انعقاد بھی ہوا ،جس میں وادی کشمیر کے ایک درجن سے زیادہ معروف شعراءحضرات جن میں محمد سلطان مسکین ، محمد علی حادی ، ناصر حمید ، شبنم بشیر ، عبد الحمید نجار ، اشرف وانی ، غلام رسول کرہامی اور مشتاق سمبلی وغیرہ شامل ہیں ،نے اپنا صوفیانہ کلام پیش کرکے حاضرین کو محظوط کیا اور خوب داد بھی وصول کی۔تقریب کی نظامت کے فرائض صحافی وایشین میل کے ایگزیکٹیو ایڈیٹر شوکت ساحل نے انجام دئے جبکہ ادارہ ایشین میل کے معاون مدیر ، نامہ نگار اور سینئر اراکین محبوب جیلانی ،فردوس وانی، نظہت مشتاق ،، محمد اشرف ،سیدزینت الاسلام،عبدالقیوم لون،اشرف نثار،غلام رسول قمری، مظہر مشتاق شامل تھے۔آخر پر شاہ جیلان پبلک ا سکول کے چیئرمین سید اعراف نے مہمانوں کا شکریہ کیا۔ اس موقعے پر صوفی شاعر عبدالعزیز کمار اور اس کے فرزند کے شاعری مجموعے کی رسم رونمائی بھی انجام دی گئی۔