سرینگر//جے اینڈ کے اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نےشیخ العالم بائز ہاسٹل زکورہ میں بہتر بیت الخلاء اور ٹرانسپورٹ کی سہولت کی کمی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ ایک بیان میں انجمن کے ترجمان عمر جمال نے کہا کہ شیخ العالم بائز ہوسٹل زکورہ میں بیت الخلاء اور باتھ رمز انتہائی خراب ہیں جن سے بدبو آتی رہتی ہے۔کئی دنوں تک ہاسٹل کے حکام بیت الخلاء کی صفائی نہیں کراتےجس سے طلباء کو پریشانی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے متعدد بار ہاسٹل کے وارڈن کے سامنے یہ مسئلہ اٹھایا، انہوں نے محض یقین دہانی کرائی، لیکن واش رومز آج تک اسی خراب حالت میں ہیں۔
انہوں نے کہا وہ گھر جانے کے بعد ہی نہاتے ہیں ۔
جمال نے کشمیر یونیورسٹی کے اعلی حکام سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ بیت الخلا اور باتھ روم صاف ستھرا رہیں
۔ ایک اور عام تشویش زکورا ہاسٹل کے طلباء کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو نقل و حمل کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ زکورا ہوٹل مین کیمپس سے تقریباً دو کلومیٹر دور ہے۔
طلباء کو صبح کے وقت سخت سردی میں 2 کلومیٹر پیدل چلنا پڑتا ہے اور یونیورسٹی میں دن کی تھکاوٹ کے بعد پیدل واپس ہاسٹل جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نیلوفر خان سے درخواست کی کہ وہ جلد از جلد مذکورہ ہوٹل کے طلباء کے لیے بس سروس شروع کریں، تاکہ ان کی توانائی اور وقت کی بچت ہو سکے۔