سری نگر:06،دسمبر: جنوبی کشمیر کے اننت ناگ کے پہلگام علاقے میں منگل کو ایک ڈرائیور نے حیدرآباد کے ایک سیاح کو 10 لاکھ روپے کا سونا واپس کیا۔کشمیر نیوز سروس( کے این ایس)کے مطابق عبدالرشید وانی، صدر ٹیکسی اسٹینڈ موویرا پہلگام نے بتایا کہ ایک ٹویرا ڈرائیور آکاش فاروق وانی نے حیدرآباد کے ایک سیاح کو 10 لاکھ روپے کا سونا واپس کیا، جو پہلگام کے دورے پر تھا اور وہ اسے بھول گیا۔انہوں نے کہا کہ سیاح نے پہلے ہی سٹینڈ کو آگاہ کر دیا تھا کہ وہ گاڑی میں سونا بھول گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے ڈرائیور کو اطلاع دی تو اس نے اپنی گاڑی کی تلاشی لی اور سونا ملا اور وہی سیاح کو واپس کر دیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد کا سیاح سونا لینے سری نگر ایئرپورٹ سے واپس آیا تھا۔اس دوران سیاحوں نے ڈرائیور کا کھویا ہوا سونا واپس کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔