سری نگر:۳۲، دسمبر: جے کے این ایس : جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ پولیس منشیات کی لعنت وچیلنج سے اس طرح نمٹے گی، جس طرح اُس نے یہاں ملی ٹنسی کے چیلنج سے نمٹا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق یہاں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس منشیات کی لعنت سے مضبوطی اور ثابت قدمی کے ساتھ نمٹے گی ۔انہوںنے کہاکہ منشیات اسمگلنگ اوراسکا دھندہ ہمارے لئے ملی ٹنسی کی طرح کاایک چیلنج ہے ،اور ہم اس چیلنج سے بھی نمٹیں گے ۔منشیات کے کاروبار میں مبینہ طور پر ملوث 5 پولیس اہلکاروں کی گرفتاری سے متعلق ایک سوال کے جواب میںڈی جی پی دلباغ سنگھ کاکہناتھاکہ جس طرح سے پولیس جموں و کشمیر میں منشیات کی غیرقانون تجارت کے چیلنج سے نمٹ رہی ہے، وہ معاشرے کےلئے فائدہ مند ہے۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کو بھی پولیس کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تاکہ منشیات کی اس لعنت سے مضبوطی اور ثابت قدمی سے نمٹا جا سکے۔پولیس چیف نے کہا کہ جموں وکشمیرپولیس منشیات کے چیلنج سے اسی طرح نمٹے گی، جس طرح وہ یہاں ملی ٹنسی کے چیلنج سے نمٹتی رہی ہے ۔ایک ملی ٹنٹ گروپ کی جانب سے صحافیوں کے بعدمزید لوگوںکودھمکیاں دئیے جانے کے بارے میں ڈی جی پی دلباغ سنگھ نے یہ کہا کہ یہ اُن لوگوں کےلئے شرم کی بات ہے ،جو یہاں کے شہریوں کو دھمکی آمیز خطوط جاری کر رہے ہیں اور برادریوں کے درمیان دراڑ پیدا کرنا چاہتے ہیں،تاکہ یہاں کے پرامن ماحول کو پٹری سے اُتارسکیں۔انہوں نے کہاکہ کچھ لوگ یہاں کے امن اور ترقی سے خوش نہیں ہیں، لیکن مجھے یقین ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ انہیں مناسب جواب دیں گے۔ٹی آر ایف نے جمعرات کی رات بارہمولہ ضلع کےلئے حال ہی میں نامزد بی جے پی عہدیداروں کو دھمکی جاری کی۔قبل ازیں ڈی جی پی نے یہاں18ویں شہداءمیموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد ہونے والی تقریب میں 40 ٹیمیں حصہ لیں گی۔