کپوارہ، 23 دسمبر (کے این ایس): پولیس نے جمعہ کے روز ضلع کپواڑہ اور بارہمولہ کے مختلف علاقوں سے پانچ پولیس اہلکاروں، ایک سیاسی کارکن، ایک ٹھیکیدار اور ایک دکاندار سمیت 17 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس میں پاکستان سے منشیات کی اسمگلنگ کے ایک اور ماڈیول کا پتہ چلا ہے۔پولیس نے کہا کہ ضلع کپواڑہ میں سرگرم منشیات فروشوں کی نشاندہی کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے انتھک محنت کرتے ہوئے، پولیس نے کپواڑہ قصبہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سرگرم کچھ منشیات فروشوں کو بے نقاب کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے، "ایک خفیہ اطلاع پر ایک پولٹری شاپ کے مالک محمد وسیم نجار ولد غلام محمد نجار، ساکن درزی پورہ، کپواڑہ کو اس کے رہائشی مکان سے کچھ مقدار میں منشیات کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔”پولیس نے کہا، "ابتدائی تحقیقات کے بعد وسیم نے منشیات فروشوں کے ایک بڑے گروہ کا حصہ ہونے کا اعتراف کیا اور اس ضلع کے ساتھ ساتھ ضلع بارہمولہ کے اُڑی علاقے سے تعلق رکھنے والے اس کے کچھ ساتھیوں کے ناموں کا انکشاف کیا جو اس غیر قانونی تجارت میں ملوث تھے”۔