سری نگر:۸۲، دسمبر: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کے روز جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی تازہ صورتحال اور ترقیاتی کاموںکی پیش رفت کا جائزہ لیا۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق حکام نے نئی دہلی میں بتایاکہ بدھ کوسہ پہر4بجے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی صدارت میں پہلے سے طے شدہ میٹنگ میں منعقدہوئی ،جس میں جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہااورچیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا کے علاوہ یوٹی کی سیول وپولیس انتظامیہ کے اعلیٰ حکام ،نیم فوجی دستوں کے افسران،مرکزی داخلہ سیکرٹری اجے بھلااور وزارت داخلہ وسیکورٹی ایجنسیوںکے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی ۔ وزیر داخلہ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے جموں وکشمیر میں سیکورٹی کی موجودہ صورتحال اور پاکستان کے حمایت یافتہ ملی ٹنٹوں سے نمٹنے اور امن برقرار رکھنے کےلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ کے دوران مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے جموں وکشمیرکی سیکورٹی صورتحال پراطمینان ظاہرکیاتاہم انہوںنے انسدادملی ٹنسی سے جڑی سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام سے کہاکہ امن مخالف اورملک دشمن عناصر،قوتوں اور گروپوںکیخلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جائے ۔انہوںنے حکام سے کہاکہ کشمیرمیں اقلیتوں اور یہاں مقیم دوسری ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کاریگروں،مزدوروں اوردیگرلوگوں کی حفاظت کویقینی بنایاجائے ۔میٹنگ کے دوران جموں وکشمیرمیں جاری ترقیاتی پروگراموں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔مرکزی وزیرداخلہ نے اسبات پرزوردیاکہ جموں وکشمیرمیں مرکزکی مالی معاونت والی اسکیموںکیساتھ ساتھ تعمیراتی وترقیاتی پروجیکٹوںکی بروقت تکمیل کی جانب خاص توجہ مرکوز کی جائے ،تاکہ ان اسکیموں اور پروجیکٹوں کافائدہ عام آدمی کومل سکے ۔انہوںنے میٹنگ کے دوران کووڈ19کی ممکنہ ایک اورلہرکی روکتھام کیلئے یوٹی انتظامیہ کی جانب سے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ،اورکہاکہ عالمگیر وبائی وائرس کو روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات روبہ عمل لائے جائیں ،اور ممکنہ لہر سے عام لوگوںکوبچانے کیلئے تمام وسائل کوبروے کارلایاجائے ۔