راجوری یکم جنوری : راجوری ضلع کے ڈانگری گاؤں میں اتوار کی شام فائرنگ کے ایک واقعے میں 13 زخمیوں میں سے 3 افراد نے جی ایم سی راجوری میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔
حکام کے مطابق آج شام ڈانگری گاؤں راجوری میں فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں 13 افراد زخمی ہوئے اور انہیں علاج کے لئے جی ایم سی راجوری لے منتقل کیا گیا۔
حکام نے مزید کہا، ” 3 افراد ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جب کہ باقی زیر علاج ہیں۔”
دریں اثنا، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ جی ایم سی راجوری، ڈاکٹر محمود نے کہا ہے کہ ڈا نگری راجوری میں فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد کی موت ہو گئی ہے، جبکہ 10 زخمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو جن کے جسم پر گولیوں کے متعدد نشان ہیں ان کا ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔
ادھر ذرائع نے بتایا کہ یہ علاقہ قصبہ راجوری سے تقریباً 7 سے 8 کلومیٹر دور ہے، جبکہ پولیس اور فوج موقع پر پہنچ گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ "ہم اس واقعے کے بارے میں مزید تفصیلات حاصل کر رہے ہیں،”
ادھر شہر خاص کے حول علاقے گرینیڈ دھماکے میں ایک شہری کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جبکہ ہندوارہ میں بھی دھماکے کی آواز سنی گئی، تاہم آزاد ذرائع سے اسکی تصدیق نہیں ہوئی۔
اس سے قبل اتوار کو پلوامہ میں ایک فورسز اہلکار سے رائفل چھینے کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔
*بشکریہ : کے این او*