سری نگر:۵،جنوری: دن کوموسم خشک اوررات کوآسمان صاف رہنے کے بیچ وادی کشمیر میں شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سری نگر،قاضی گنڈ اور کپواڑہ میں موسم کی سرد ترین رات رہی جبکہ پہلگام ،پانپور اور گلمرگ سردترین مقامات رہے ۔ اس دوران اتوار سے جاری موسم خشک رہنے کے بیچ جمعرات کوبھی پوری وادی میں دن کے وقت سورج کرنیں بکھیرتا رہا،جسکے باعث اہلیان وادی نے سردی سے راحت محسوس کی ۔جے کے این ایس کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سری نگر، قاضی گنڈاورکپواڑہ میں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔سری نگرمیں دوران شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو گزشتہ5 سالوں میں دوسری سب سے کم درجہ حرارت ہے۔ دستیاب تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ قاضی گنڈ، سری نگر اور کپواڑہ میں بالترتیب دوران شب کم سے کم پارہ منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ، منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جنوری کے مہینے میں سری نگر میں گزشتہ پانچ سالوں میں دوسرا کم ترین درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔جبکہ سال2021 میں، شہرسری نگر میں 31 جنوری کو کم سے کم درجہ حرارت منفی8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاتھا۔ محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ پہلگام میں دوران شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 9.4 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مشہور سیاحتی مقام میں اس موسم کی سرد ترین رات 2 جنوری کو ریکارڈ کی گئی جب پارہ منفی 9.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا کم از کم درجہ حرارت اس جگہ کےلئے معمول سے 2.6ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔ محکمہ موسمیات کے اہلکار نے بتایا کہ کوکرناگ میں دوران شب کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔انہوں نے بتایا کہ گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کم سے کممنفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ 2 جنوری کو گلمرگ میں سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جب کم از کم درجہ حرارت منفی 10.0ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔انہوں نے کہا کہ کپواڑہ قصبے میں، شمالی کشمیر کے علاقے میں گزشتہ رات کو پارہ منفی 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیاجو معمول سے 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پانپورمیں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی8.0ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیا۔اُدھر جموں صوبے میں بھی شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ہے جبکہ دوران شب بھدرواہ قصبے میں کم سے کم پارہ منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثناءرات کے وقت درجہ حرارت میں مسلسل تنزلی کی وجہ سے جھیل ڈل سمیت کشمیروادی میں کئی جھیلوں اور دیگرآبگاہوںکے منجمد حصوں کادائرہ بڑھ گیاہے اور منجمد ہوئے حصے مزید سخت ہوگئے ہیں ۔پارہ نقطہ انجماد سے کئی کئی ڈگری نیچے رہنے کے باعث نلوں کے ذریعے پینے کے پانی کی ترسیل میں بھی رکاﺅٹ پیداہوئی ہے ،کیونکہ کئی علاقوںمیں پانی کی زیر زمین یابالائی زمین ترسیلی لائنیں منجمد ہوگئی ہیں ۔