اننت ناگ،کولگام:۷،جنوری: : کالعدم قرار دی گئی مذہبی تنظیم جماعت اسلامی کی جائیدادوںکی ضبطی کاسلسلہ جاری رکھتے ہوئے ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) نے جنوبی کشمیرکے اننت ناگ اورکولگام اضلاع میں مزید جائیدادوںکی قرقی عمل میں لائی ۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) کی ٹیموں نے اننت ناگ اورکولگام اضلاع ایک 2منزلہ مکان کے علاوہ تقریباً63کنال زمین ضبط کی۔معلوم ہواکہ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (SIA) کی ایک ٹیم ہفتہ کی صبح ضلع اننت ناگ میں سرہامہ پہنچی اوروہاں ایک2 منزلہ پرانے مکان کےساتھ ساتھ گاو¿ں سرہامہ میں7 مرلہ زمین جو کہ جماعت اسلامی نے خریدی تھی، ایس آئی اے کی تحقیقات کے سلسلے میں جائیداد ضبط کر لی گئی ۔ذرائع نے بتایاکہ اس دوران ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) کی ٹیموں نے ہفتہ کو ضلع اننت ناگ کے سرہامہ، ودی سری گفوارہ اور ارونی کے علاوہ مرکزی قصبہ کولگام میں بھی کالعدم تنظیم جماعت اسلامی کی جائیدادیں ضبط کیں۔ذرائع کاکہناتھاکہ جنوبی کشمیرکے اننت ناگ اورکولگام اضلاع میں ہفتہ کو ضبط کی گئی جائیدادوں میں2منزلہ مکان کے ساتھ7 مرلہ اراضی، 56 کنال زرعی اراضی، 2 کنال 7 مرلہ اراضی، 3 کنال 4 مرلہ اراضی اور 1.5 کنال اراضی شامل ہے۔ ریاستی تحقیقاتی ایجنسی کے عہدیدار نے کہا کہ جائیدادوں کو SIA کے ذریعہ درج کردہ ایک کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں ضبط کیا گیا۔