پلوامہ میں منشیات مخالف سیمینار کا انعقاد
پلوامہ: کشمیر پلس نے پلوامہ پولیس کے ساتھ مل کر ہفتے کو کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ٹاؤن ہال میں "منشیات کی بدعت اور اس کی روک تھام” کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس موقعے پر ڈی وائی ایس پی، پلوامہ، شوکت رفیق وانی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شامل تھے، جبکہ سرکردہ ماہرین ڈاکٹر نثار وانی، ڈاکٹر مدثر احمد، اور عافیقہ علی کے علاوہ دیگر شامل تھے۔ اس کے علاوہ حال ہی میں ریٹائر ہونے والے دو پولیس اہلکار، غلام نبی خان اور غلام محمد ڈار بھی مقررین کا حصہ تھے۔ پروگرام میں خاص طور پر کیرئیر کیئر انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن، نیوا سے اسکول کے طلباء کی ایک اچھی تعداد نے بھی حصہ لیا۔ خطبہ استقبالیہ میں، منتظمین میں سے سکینہ جبین نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور منشیات کے استعمال کے مختلف پہلوؤں اور مجموعی طور پر معاشرے پر اس کے اثرات پر روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی شوکت رفیق وانی نے منشیات کے استعمال کی جڑوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دیا کہ اس بدعت سے نمٹنے کے لیے اجتماعی ذمہ داری لینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایسے پروگراموں کو مستقل بنیادوں پر منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ باقی مقررین نے بھی موضوع سے متعلق اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔