سری نگر:۹،فروری:محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق جمعرات کی صبح مطلع ابرآلودہونے کے بیچ پوری کشمیر وادی ،چناب ویلی اور خطہ پیرپنچال میں برف وباراںکاتازہ سلسلہ شروع ہوگیا،جو سہ پہرتک وقفے وقفے سے جاری تھا۔ گلمرگ ،کپوارہ ،بارہمولہ ،سوپور اورشمالی کشمیر کے بیشتر علاقوںمیں ہلکی برف باری ہونے کے بیچ جنوبی کشمیرمیں پہلگام سمیت کئی اوپری علاقوںمیں بھی تازہ برف باری ہوئی ،اوریہ سلسلہ جاری ہے ۔تاہم سری نگر سمیت وسطی کشمیر اوروادی چناب میں بارشوںکاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔محکمہ موسمیات کے علاقائی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کشمیر میں اگلے24گھنٹوں کے دوران میدانی علاقوںمیں 3سے5انچ اور بالائی علاقوںمیں بھاری برف باری ہونے کاامکان ہے ۔اس دوران موسمیاتی ماہرین نے کہاکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات گلمرگ ،پہلگام ،کپوارہ اورقاضی گنڈ کے بغیر کشمیروادی کے باقی علاقوںمیں شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈکیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق 40روزہ چلہ کلان کے ایام میں کئی مرتبہ ہلکی سے بھاری برف باری ہونے کے بعد 20روزہ چلہ خورد میں بھی موسمی صورتحال ایسی ہی ہے ۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعرات کی مطلع ابرآلودہونے کے بیچ پوری کشمیر وادی ،چناب ویلی اور خطہ پیرپنچال میں برف وباراںکاتازہ سلسلہ شروع ہوا۔سری نگرمیں قبل ازدوپہر سے موسلا دار بارشوں کاسلسلہ تاایں دم جاری ہے ،جسکے نتیجے میں سڑکوں ،گلی کوچوں ،چوراہوں اور بازاروںمیں پانی جمع ہوگیاہے اورپیدل چلنے والے لوگوںکوآواجاہی یاعبورومرور میں سخت دشواریوںکاسامنا کرنا پڑا۔گاندربل اوربڈگام اضلاع میں بھی جمعرات کوقبل از دوپہر سے برف باری اور بارشوں کاسلسلہ جاری ہے ۔اُدھر شمالی کشمیر سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق تینوں اضلاع بارہمولہ ،کپوارہ اوربانڈی پورہ کے بیشتر میدانی اور بالائی علاقوںمیں بھی جمعرات کودوپہر کے پہلے سے برف باری اور کہیں کہیں بارشوں کاسلسلہ جاری ہے ۔بارہمولہ اورسوپور سمیت اس ضلع کے میدانی علاقوںمیں جمعرات کو سہ پہرتک کم سے کم 2سے4انچ برف جمع ہوئی تھی اور برف باری کاسلسلہ جاری تھا جبکہ اس ضلع کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں سرمائی کھیلوںکے آغاز سے ایک دن قبل شروع ہونے والی برف باری سے یہ پہاڑی علاقہ مزیددلفریب ہوگیاہے ۔ملنے والی اطلاعات کے مطابق جمعرات کی صبح سے سہ پہرتک گلمرگ میں کم سے کم 5انچ تازہ برف باری ہوئی ہے اور برف باری کاسلسلہ جاری ہے ۔کپوارہ ضلع کے میدانی اور بالائی علاقوںمیں بھی جمعرات کی صبح سے برف باری اور کہیں کہیں بارشوںکاتازہ سلسلہ جاری ہے ۔ہندوارہ ،لنگیٹ ،قاضی آباد اور کرالہ گنڈ کے علاوہ ترہگام ،سوگام اور لولاب میں بھی برف باری ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں جبکہ مژھل اور دیگراوپری علاقوںمیں زیادہ برف باری ہونے کی اطلاع ملی ۔