سری نگر:۴،مارچ:محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد کی جانب سے ہفتہ کوبعددوپہر2بجکر 46منٹ پرموسمیاتی تغیروتبدل سے متعلق تازہ اَپ ڈیٹ کے کچھ وقت بعد سری نگرسمیت کشمیروادی کے کئی میدانی علاقوںمیں وقفے وقفے سے ہلکی بارشوں اور بونداباندی کاسلسلہ شروع ہوگیا جبکہ کچھ بالائی مقامات پر سہ پہرکے وقت ہلکی برف باری شروع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔اس دوران مسلسل تیسرے روز گلمرگ کے بغیر کشمیر وادی کے باقی سبھی علاقوںمیں رات کادرجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپردرج ہوا۔جے کے این ایس کے مطابق ہفتہ یعنی سنیچر کوصبح سے ہی کشمیروادی میں آسمان پر کبھی ہلکے توکبھی گھنے بادل چھائے رہے جبکہ اس دوران سورج بھی بادلوں سے آنکھ مچولی کھیلتا رہا۔اس دوران سری نگرمیں قائم ہندوستانی محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد کی جانب سے بعددوپہر2بجکر 46منٹ پرموسمیاتی تغیروتبدل سے متعلق ٹویٹ کے ذریعے تازہ جانکاری فراہم کی گئی ۔ڈاکٹر مختار احمد نے ٹویٹ کے ذریعے دی گئی جانکاری میں بتایاگیاکہ اگلے 3 گھنٹوں کے دوران کشمیر ڈویڑن کے بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے بارش (اونچائی پر ہلکی برف باری) کا ایک مختصر سلسلہ شروع ہونے کاامکان ہے۔ ساتھ ہی محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹرنے خبردار کیاکہ مذکورہ مدت کے دوران چند مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کابھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمدکے تازہ موسمیاتی اَپ ڈیٹ کے کچھ وقت بعد سری نگرسمیت کشمیروادی کے بیشتر میدانی علاقوںمیں وقفے وقفے سے ہلکی بارشوں اور بونداباندی کاسلسلہ شروع ہوگیا جبکہ کچھ بالائی مقامات پر سہ پہرکے وقت ہلکی برف باری شروع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔برف وباراںکاتازہ سلسلہ شروع ہونے کے بعد دن کے درجہ حرارت میں یکایک گراﺅٹ آئی اور لوگوںنے سخت سردی محسوس کی ۔اس دوران مسلسل تیسرے روز گلمرگ کے بغیر کشمیر وادی کے باقی سبھی علاقوںمیں رات کادرجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپردرج ہوا،تاہم حالیہ کچھ راتوں کے برعکس جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات بیشتر مقامات پر درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات سری نگرمیں کم سے کم درجہ حرارت 6.4ڈگری سینٹی گریڈ،قاضی گنڈ میں 4.2،پہلگام میں 1.2،کپوارہ میں 4.2،کوکرناگ میں4.7،کونی بل میں 3.6اور منورآباد میں 10.1ڈگری سینٹی گریڈدرج کیاگیا جبکہ شمالی ضلع بارہمولہ میں واقع برف سے ڈھکے سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا۔