سرینگر:۱۵؍مئی
بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کل16مئی جمعرات کو کشمیر کےایک روزہ دورے پر سرینگر وارد ہونگے اور یہاں وہ ایک رات قیام کے بعد جمعہ کو مختلف وفود سے ملاقات کرنے والے ہیں جن میں سول سوسائٹی کے ارکان اور بی جے پی کے کارکن شامل ہیں۔ شاہ کا سری نگر کا دورہ ملک بھر میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے درمیان ہورہاہے۔وادی کشمیر میں سری نگر لوک سبھا حلقہ میں 13 مئی کو ہوئی پولنگ میں گزشتہ تین دہائیوں میں سب سے زیادہ پولنگ شرح ریکارڈ کی گئی۔ 7 مرحلوں والے لوک سبھا انتخابات میں بارہمولہ اور اننت ناگ-راجوری سیٹوں پر بالترتیب 20 مئی اور 25 مئی کو پولنگ ہوگی۔ بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نےسینئر لیڈر اور وزیر داخلہ امت شاہ کے دورے اور کئی وفود سے ملاقات کرنے کی تصدقی کی۔