سری نگر، 22 جون
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے رسمی آغاز کے موقع پر’پرتھم پوجا‘ کی۔اس معقعہ پر منوج سنہا نے بابا امرناتھ جی کا آشیرواد طلب کیا اور تمام لوگوں کی اچھی صحت ، ترقی اور بھلائی کے لیے دعا کی۔اس موقعہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے عقیدت مندوں کے لیے یاترا کے مجموعی تجربے میں معیاری بہتری لانے کے لیے انتظامیہ اور شرائن بورڈ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے افسران اور متعلقہ محکمے یاتریوں کے لیے بہتر سہولیات اور خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میںلازمی سہولیات، بنیادی ڈھانچہ اور سیکورٹی میں نمایاں اضافہ کیاگیاہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں کہ یاترا، محفوظ اور پرامن ماحول میں اختتام کو پہنچے۔لیفٹنٹ گورنر نے تمام روشن خیال شہریوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے مختلف حصوں اور بیرون ملک سے آنے والے یاتریوںکے استقبال اور خدمت کے لیے پیش پیش رہیں۔انہوںنے کہا، "یہ جموں و کشمیر کی قدیم روایت رہی ہے کہ تمام برادریوں کے لوگ بلا لحاظ مذہب اس یاترا میں شامل ہوتے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال سالانہ شری امرناتھ جی یاترا 29 جون سے ایک ساتھ دونوں راستوں سے شروع ہوگی ۔پرتھم پوجا تقریب میںچیف سیکریٹری اٹل ڈلو، ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری چیف ایگزیکٹو آفیسر شری امرناتھ جی شرائن بورڈاور لیفٹیننٹ گورنر سیکرٹریٹ کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔