سرینگر:۶۱،ستمبر:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میںدہشت گردی کو اس سطح پر دفن کر دیا جائے گا کہ یہ دوبارہ کبھی نہیں اٹھ سکے گا۔امت شاہ نے کشتواڑ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس،کانگریس اتحاد جموں و کشمیر حکومت نہیں بنا سکے گا۔جے کے این ایس کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہاکہ ہم دہشت گردی کو اس سطح تک دفن کر دیں گے جہاں سے یہ دوبارہ کبھی سامنے نہیں آئے گی۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کو زندہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں کیونکہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے منشور میں دہشت گردوں کو رہا کرنے کی بات کی گئی ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہاکہ یہ مودی حکومت ہے اور جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو زندہ کرنے کی طاقت کسی کے پاس نہیں ہے۔امت شاہ نے بی جے پی کے امیدوار اور سابق وزیر سنیل شرما کی حمایت میں پڈر ناگسینی اسمبلی حلقہ میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ الیکشن دو طاقتوں کے درمیان ہے، ایک طرف نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی اور دوسری طرف بی جے پی۔ این سی،کانگریس کہہ رہے ہیں کہ اگر ہم حکومت بناتے ہیں تو ہم آرٹیکل370 کو بحال کریں گے۔انہوںنے کہاکہ وہ عناصر جو جموں و کشمیر میں امن کو ہضم نہیں کر سکتے وہ دہشت گردی کو اسی طرح بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس طرح یہاں1990 میں ہوا تھا۔ لیکن ہماری حکومت دہشت گردی کو زمین سے کئی فٹ نیچے دفن کرنے کےلئے پرعزم ہے تاکہ یہ دوبارہ پھوٹ نہ سکے۔ امت شاہ نے کہاکہ مجھے بتائیں کیا اسے بحال کیا جائے؟ ۔انہوںنے لوگوں سے مخاطب ہوکرکہاکہ آپ کا ریزرویشن جو بی جے پی نے پہاڑیوں اور گجروں اور دوسروں کو دیا ہے، وہ چھین لیا جائے گا۔ تاہم وزیر داخلہ نے کہاکہ پریشان نہ ہوں، میں کشمیر کی صورتحال کو دیکھ رہا ہوں اور یقین دلایا جائے کہ نہ عبداللہ کی اور نہ ہی راہول کی پارٹی جموں و کشمیر میں حکومت بنانے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز نے ولیج ڈیفنس گارڈز اور اسپیشل پولیس آفیسرکو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کیا ہے اور انہیں مزید مضبوط کیا ہے۔امت شاہ نے کہاکہ یہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے کہ جو درانداز یہاں امن میں خلل ڈالنے کے لیے آتے ہیں، انہیں صرف پہاڑوں میں دفن کیا جائے۔وزیر داخلہ نے کہاکہ کسی کو بھی ہندوستانی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی