جموں 25 اکتوبر 2024 ئ جموں خطہ بھر کے وفود اور افراد کی ایک بڑی تعداد نے آج یہاں پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاوس گاندھی نگر میں نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر کمار چودھری سے ملاقات کی اور ان کے سامنے اپنے مختلف مطالبات پیش کئے ۔ جن وفود نے آج یہاں نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی ان میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز جموں ، امر ناتھ یاترا ایسوسی ایشن جموں ، کھیل ، پولیس ، مالیات اور دیگر محکموں کے وفود کے علاوہ ضلع سانبہ ، کٹھوعہ ، اودھمپور ، ریاسی ، راجوری ، پونچھ کے دیگر وفود بھی شامل تھے ۔ ارون گپتا کی صدارت میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی جس میں جموں کے ترقیاتی مسائل بشمول دربار مووو کی بحالی ، چھوٹے صنعتکاروں کیلئے زمین اور انہیں درپیش دیگر مسایل ، کان کنی اور دیگر متعلقہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ وفد نے مون سون کے موسم میں جموں شہر میں نالوں ، گلیوں اور نالیوں میں کوڑا کرکٹ جمع ہونے والی صورتحال ، باوے والی ماتا مندر تک جانے والی سڑک کے مسائل ، بے روزگاری اور جموں و کشمیر کے نوجوانوں اور عوام کو درپیش دیگر مسائل پر بھی روشنی ڈالی ۔ جاٹ برادری کے ایک اور وفد نے بھی نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور برادری کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت اس پر ترجیحی بنیادوں پر غور کرے گی ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے وفود کو غور سے سُنا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مطالبات وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھے جائیں گے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔
سینئر ایڈووکیٹ ڈی سی چندن کی صدارت میں وکلاءکے ایک وفد نے بھی نائب وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور ہائی کورٹ کے انفراسٹرکچر کے علاوہ دیگر ترقیاتی اور فلاحی امور کے بارے میں اپنے مطالبات کو اجاگر کیا ۔
نائب وزیر اعلیٰ نے لوگوں کے ترقیاتی مسائل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ علاقوں کے اعلیٰ حکام کو موقع پر ہی ہدایات دیں ۔
نائب وزیر اعلیٰ نے وفود کو یقین دلایا کہ حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور انہیں حل کرنے کیلئے وعدہ بند ہے ۔