کپواڑہ 2 نومبر 2024 ئ زراعت کی پیداوار ، دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر جاوید احمد ڈار نے آج کولنگام ( کپواڑہ ) کا دورہ کیا اور اخروٹ کی تحقیق پر سنٹر فار ایکسیلنس کے انتظامی کم لیبارٹری بلاکس کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ سکاسٹ کشمیر کے اس اہم پروجیکٹ کو نابارڈ کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی جا رہی ہے اور اسے 3.50 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ سنٹر کے فیکلٹی ممبران اور علاقے کے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کپواڑہ ضلع میں سنٹر فار ایکسیلنس پر کام شروع کرنے پر سکاسٹ کشمیر کو مبارکباد دی جو شمالی کشمیر کے لوگوں کیلئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو گا ۔ انہوں نے سکاسٹ فیکلٹی پر زور دیا کہ وہ افسروں سے زیادہ فیلڈ میں کسانوں کی طرح رہیں ۔ مسٹر جاوید ڈار نے خطے میں زرعی تحقیق ، تعلیم اور دیہی ترقی کو آگے بڑھانے میں سکاسٹ کشمیر کے کردار کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ سکاسٹ کشمیر کے اقدامات نے زرعی اختراعات کو فروغ دیا ہے ، کسانوں کی فلاح و بہبود میں مدد کی ہے اور زراعت ، باغبانی اور پھولبانی کو فروغ دیا ہے ۔