سری نگر/20 نومبر2024ئوزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ مسعود نے آل اِنڈیا اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( اے آئی آئی ایم ایس )اونتی پورہ پروجیکٹ پر جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے آج ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ اُنہوں نے منصوبے کے تمام جاری کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسروں اور ایجنسیوں کے ساتھ اس باوقار منصوبے کے متعدد پہلوو¿ں پر باریک بینی سے غور و خوض کیا۔ اُنہوں نے طبعی و مالی پیش رفت ، ایمز کو پانی کی فراہمی ، اپروچ روڈ کی تعمیر اور دیگر متعلقہ سہولیات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ میٹنگ میں سیکرٹری صحت و طبی تعلیم، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایمز، ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ، اَنجینئر ان چیف آر اینڈ بی، ڈائریکٹرفائنانس صحت و طبی تعلیم، چیف انجینئر سی پی ڈبلیو ڈی، پی ڈِی ڈِی کے چیف اِنجینئروں، جے ایس ڈی، پی ڈبلیو ڈی اور دیگر متعلقہ اَفسروں نے شرکت کی۔سکینہ مسعود نے اَفسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت جموں و کشمیر کے لوگوں کو اعلیٰ درجے کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے وقف ہے۔ اُنہوںنے کہا،” صحت شعبہ ہماری حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور ہم جموں و کشمیر میں عالمی معیار کے صحت بنیادی ڈھانچے کے قیام کے لئے پُرعزم ہیں۔“اُنہوں نے اِس بات پر زور دیاکہ ایمز اونتی پورہ وادی¿ کشمیر اور آس پاس کے علاقوں میں بہترین طبی خدمات کو یقینی بنانے میں اہم رول اَدا کرے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ایمز اَونتی پورہ یہاں کے لوگوں کے لئے اُمید کی کرن بنے گا بالخصوص دُور دراز علاقوں کے لوگوں کے لئے جنہیں طویل عرصے سے معیاری صحت خدمات تک رسائی میں چیلنجوں کا سامنا ہے۔وزیرموصوفہ نے مرکزی ہسپتال کی عمارت اور متعلقہ ڈھانچے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ کو ماہانہ جائزہ میٹنگ منعقد کرنے اور ماہانہ پیش رفت رِپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔