جموں 20 جنوری 2025 ئ صحت اور طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسز ( سکمز ) کی کارکردگی اور کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم ، ڈائریکٹر سکمز ، ڈائریکٹر جنرل بجٹ ، ڈائریکٹر فائنانس ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سکمز اور محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن اور سکمز صورہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے اس بات پر زور دیا کہ نہ صرف وادی کشمیر کے لوگوں کو بلکہ پڑوسی علاقوں کے مریضوں کو بھی خصوصی طبی نگہداشت فراہم کرنے میں سکمز کا اہم کردار ہے ۔ سکمز ہمارے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کا سنگِ بنیاد ہے اور اس کی کارکردگی کا مستقل بنیادوں پر ہزاروں لوگوں کی فلاح و بہبود پر براہ راست اثر پڑتا ہے ۔ انہوں نے اس باوقار ادارے میں مریضوں کی دیکھ بھال ، طبی تعلیم ، اور تحقیق میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ سکینہ نے کہا ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اجتماعی طور پر کام کرنا چاہئیے کہ ادارہ اپنے لوگوں کو جدید اور معیاری طبی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے میں اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرتا رہے ۔
وزیر نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ انسٹی ٹیوٹ میں سہولیات کو جدید بنانے اور مریضوں کے آرام کو یقینی بنانے کیلئے جاری منصوبوں پر کام کو تیز کرے ۔ انہوں نے ان سے ایمر جنسی وارڈ میں بھیڑ کو کم کرنے کیلئے بھی کہا تا کہ مریضوں کا موثر علاج ہو سکے ۔
افرادی قوت اور عملے کی کمی کے مسئلے کو حل کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے ڈائریکٹر سکمز سے کہا کہ وہ کلیدی محکموں کیلئے ضروری پیرا میڈیکس اور دیگر طبی پیشہ ور افراد کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کریں جب تک کہ باقاعدہ بھرتیاں نہیں ہو جائیں ۔ انہوں نے سکمز انتظامیہ سے کہا کہ بھرتی کے پورے عمل کے دوران شفافیت کو برقرار رکھا جائے ۔
انسٹی ٹیوٹ کے مالی وسائل کی تقسیم کا جائیزہ لیتے ہوئے سکینہ ایتو نے سکمز انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مختلف کاموں کو انجام دیتے ہوئے شفافیت اور جوابدہی کو برقرار رکھیں ۔ انہوں نے ان سے محکمہ خزانہ کے ساتھ مل کر بیم پورٹل پر اخراجات کی بروقت اپ ڈیٹ کرنے کو کہا ۔
میٹنگ کے دوران ڈائریکٹر سکمز نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی ۔