جموں/30جنوری وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج ضلع ترقیاتی کمشنروں پر زور دیا کہ وہ اَپنے متعلقہ اَضلاع میں کمزور گروہوں کی نشاندہی کریں اور تپ دق (ٹی بی) کی جلد تشخیص کے لئے ا ن جگہوں پر باقاعدگی سے ٹیسٹ کریں۔وزیر نے یہ ہدایات جموں و کشمیر میں تپ دق (ٹی بی) خاتمے کی 100 روزہ مہم پر جاری عمل آوری کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔میٹنگ میں سیکرٹری صحت وطبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ ،مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن ، تمام اَضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں ، ڈائریکٹر فائنانس صحت و طبی تعلیم ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں / کشمیر ، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن نیو میڈیکل کالجز ، تمام سرکاری میڈیکل کالجوں کے پرنسپلوں، تمام اَضلاع کے سی ایم اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی ذاتی طور پر یا بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی ۔ دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں اور متعلقہ سی ایم اوز پر زور دیا کہ وہ ٹیسٹنگ اور جلد تشخیص کی سرگرمیوں کو بالخصوص گولڈ زون اَضلاع میںتیز کریں تاکہ انہیں بھی ٹی بی فری اَضلاع کا درجہ حاصل ہوسکے۔ اُنہوں نے محکمہ صحت کے اَفسروںاور ضلعی منتظمین کو ہدایت دی کہ وہ سکریننگ کی فریکوئنسی میں اِضافہ کریں، جارحانہ بیداری مہمات منعقد کریں اور کمیونٹیوں کی شمولیت کو بڑھائیںتاکہ اِس بیماری کے پھیلاﺅ کو مو¿ثر طریقے سے روکا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا،”پنچایتی راج اِدارے اور شہری بلدیاتی اِدارے اور مقامی مذہبی مبلغین کو اس مہم میں شامل کریں کیوں کہ وہ دُور دراز علاقوں تک زیادہ مو¿ثر رسائی رکھتے ہیں۔“