گاندربل/02فروری2025ئسرمائی کھیلوں کے لئے ایک تاریخی پیش رفت کے طور پر سونہ مرگ کے برف سے ڈھکے اور خوبصورت مقام نے آج یہاں اَپنے اِفتتاحی سکیئنگ ٹریننگ کورس کی میزبانی کی۔وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ، ٹرانسپورٹ ستیش شرما نے پروگرام کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جِتن کشور، ڈائریکٹر جنرل اَمورِ نوجوان و کھیل کود راجندر سنگھ ، اے ڈِی سی گاندربل گلزار احمد ، جوائنٹ ڈائریکٹر کشمیر اَمورِ نوجوان و کھیل کود محمد راشد کوہلی موجود تھے۔یہ اوّلین پہل صوبہ کشمیر کے مختلف تعلیمی اِداروں کے سکولی بچوں کو سکیئنگ سے متعارف کرتی ہے۔ستیش شرما نے اَپنے خطاب میں سونہ مرگ کی قدرتی کشش کی تعریف کرتے ہوئے اسے سرمائی کھیلوں کو متعارف کرنے کے لئے موزوں ایک شاندار مقام قرار دیا۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ایسے مواقع تلاش کرنے سے نہ صرف مقامی ثقافتی ماحول کو فروغ ملے گا بلکہ سیاحت کوبھی تقویت ملی گی۔
اُنہوںنے اِس بات کو یقینی بنانے کے عزم کا اِظہار کیا کہ خواہشمند ایتھلیٹس کو بین الاقوامی معیار پر پورا اةترنے والی سکیئنگ کی تربیت حاصل ہو اور اِنتہائی پیشہ ورانہ اَنداز کے ساتھ فراہم کی جائے۔
وزیر موصوف نے سکیئنگ کورس کے اِفتتاح کو ایک مبارک آغاز قرار دیتے ہوئے اسے سونہ مرگ کو موسم سرما کے اہم مقام میں تبدیل کرنے کے لئے لانچ پیڈ کے طور پر پیش کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایات کے مطابق محکمہ سونہ مرگ میںسرمائی کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں میں بین الاقوامی سطح پر پروان چڑھنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت سونہ مرگ کی حیثیت کو اگلے درجے تک بڑھانے کے لئے جدید ترین بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرے گی۔
ستیش شرما نے کہا کہ محکمہ کھیل اور ضلع اِنتظامیہ گاندربل سونہ مرگ میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیرکے لئے منصوبہ بندی کریں گے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ ایونٹ ہربرس فروری کے مہینے میں منعقد کیا جائے گا اور اسے ایک سالانہ تقریب بنا دیا جائے گا۔








