جموں/29اپریل2025ئنائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج کیپکس بجٹ 2024-25ءکے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی اور مالی برس 2025-26 ءکے لئے حکمتِ عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں وزیر برائے صحت سکینہ ایتو، وزیربرائے دیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار، وزیر برائے ٹرانسپورٹ ستیش شرما، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی بھوپندر کمار کے علاوہ متعلقہ محکمے کے سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔میٹنگ میں نچلی سطح کے بنیادی ڈھانچے اور ترقی کو مضبوط بنانے کے مقصد سے بجٹ تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعلیٰ نے اِس بات پر زور دیا کہ منصوبہ بندی کے عمل کو محکمانہ اور ضلعی سطح پر مربوط کیا جانا چاہئے تاکہ پورے حکومتی نقطہ نظر کو شامل کیا جاسکے۔اُنہوں نے ہدایت دی کہ نئے منصوبے صرف ایک سے دو برس کی مدت میں مکمل ہوںجبکہ میگا پروجیکٹوں کے لئے تین برس کی مدت رکھی جا سکتی ہے۔ اُنہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ منصوبوں کی بنیاد عوامی فائدے اور واضح نتائج پر ہونی چاہیے۔






