سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج گاندربل کے بال تل میں سینئر افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں آئندہ شری امرناتھ جی یاترا۔2026 کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میںممبر شری امرناتھ جی شرائین بورڈکے این رائے، ڈی جی پی جموںوکشمیر نلین پربھات، ڈی آئی جی جموں و کشمیر، سپیشل ڈِی جی کوآرڈی نیشن پی ایچ کیو ایس جے ایم گیلانی،لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری و چیف ایگزیکٹیو آفیسر شری امرناتھ جی شرائین بورڈ ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری،صوبائی کمشنر کشمیر انشل گَرگ،منیجنگ ڈائریخٹر کے کے پی ڈِی سی ایل اور بال تال محور کے نوڈل آفیسر راہل یادو،آئی جی پی کشمیر وی کے بردی،آئی جی پی ٹریفک جموں وکشمیر ایم سلیمان چودھری،ڈِی آئی جی سی کے آر راجیو اوم پرکاشن،ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جتن کشور، ایس ایس پی گاندربل سدھانشو دھاما،ڈائریکٹر اطلاعات شریا سنگھل،ڈائریکٹر جنرل رورل سینی ٹیشن جموں وکشمیر انو ملہوترااور سول اِنتظامیہ، پولیس و سیکورٹی فورسز کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے بنیادی ڈھانچے، سیکورٹی اِنتظامات اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے اِس بات پر زور دیا کہ یاترا سے قبل تمام تیاریاں مکمل ہونی چاہئیں۔
اُنہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تمام ضروری سہولیات بروقت فراہم کی جائیں تاکہ عقیدت مندوں کو محفوظ، آرام دہ اور منظم ماحول میسر ہو۔
منوج سِنہا نے کہا،”میری اوّلین ترجیح یہ ہے کہ ہر یاتری اس روحانی سفر سے لطف اندوز ہو اور ایک بھرپور، بامعنی اور یادگار تجربہ لے کر واپس جائے۔ یہ پوتر یاترا عقیدت، روحانیت اور اِجتماعی خوشی کا مظہر ہے۔ میری خواہش ہے کہ تمام اِنتظامات اسی جذبے کی عکاسی کریں تاکہ ہر تیرتھ یاتری کو بہترین سہولیات فراہم ہوں۔“
اُنہوں نے صفائی ستھرائی، اِنخلا کے منصوبے، موسمی پیش گوئی، یاتریوں کے لئے قیام گاہیں، پارکنگ، لنگر، ٹرانسپورٹ، صحت سہولیات، پینے کے پانی اور بجلی کی فراہمی، ضروری اشیاءکے بفر سٹاک، سڑکوں کی مینی ٹیننس ، سیلاب سے تحفظ، آفاتِ سماوی سے نمٹنے کی تیاری، اینمل ہسبنڈری خدمات، رجسٹریشن مراکز اور دیگر بنیادی ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ اعلیٰ ترین چوکسی برقرار رکھیں اور تمام یاتریوں کی حفاظت کے لئے مضبوط تال میل کو یقینی بنائیں۔
اُنہوں نے یاتریوں کے بہتر اِنتظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ موقعہ پر رجسٹریشن کے لئے مزید کاو¿نٹر قائم کئے جائیں تاکہ رجسٹریشن کا عمل تیز ہو اور عقیدت مندوں کو کم سے کم اِنتظار کرنا پڑے۔
ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے سالانہ یاترا سے قبل مختلف محکموں کی تیاریوں پر تفصیلی جائزہ پیش کیا۔
سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس گاندربل نے میٹنگ کو سیکورٹی پلان کے بارے میں آگاہ کیا جس میں اہلکاروں کی تعیناتی، علاقے پر نگرانی، سرویلنس، داخلی و خارجی راستوں کا کنٹرول، ٹریفک مینجمنٹ اورایمرجنسی ریسپانس کے اقدامات شامل ہیں۔






