سرینگر //وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے آج سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر صنعتی پالیسی 2026-35 کے مسودے کا جائیزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چوہدری ، وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، چیف سیکرٹری ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنمل چیف سیکرٹری ، اے سی ایس فائنانس ، کمشنر سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس ، ایم ڈی اینڈ سی ای او جے اینڈ کے بینک ، اور انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈیپارٹمنٹ و متعلقہ محکموں کے سینئر افسران موجود تھے ۔ کمشنر سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس نے مسودہ پالیسی پر ایک پرذنٹیشن دی اور اجلاس کو اس کے وسیع فریم ورک ، مقاصد اور پالیسی تشکیل کے عمل سے آگاہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے مجوزہ پالیسی پر تفصیلی بات چیت کی اور محکمے کو ہدایت دی کہ حتمی فریم ورک متوازن ، عملی اور جموں و کشمیر کے صنعتی شعبے کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق ہو ۔ انہوں نے زور دیا کہ پالیسی سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول فراہم کرے اور اس کے فوائد مقامی کاروباریوں ، کاروباروں اور روز گار کے مواقع میں اضافے کی صورت میں سامنے آئیں ۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نئی پالیسی ایک جامع اور مسابقتی ترغیبی فریم ورک فراہم کرے جس میں ترجیحی شعبوں اور ابھرتے ہوئے سن رائز سیکٹرز کیلئے خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے مقامی صنعتوں کیلئے مارکیٹ تک رسائی کو مضبوط بنانے اور ترغیبات کو مقامی روز گار کی تخلیق اور مہارت کی ترقی سے قریبی طور پر جوڑنے پر بھی زور دیا ۔ اس موقع پر محکمہ کو ہدایت دی گئی کہ بات چیت کی روشنی میں مسودے کو مزید بہتر بنایا جائے تا کہ اسے مقررہ طریقہ کار کے ذریعے حتمی شکل دی جا سکے ۔






