جموں/11 نومبر2024ئوزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں محکمہ سیاحت کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا اور جموں و کشمیر کے سیاحتی شعبے میں زیادہ دیر پا اور سیاحتی توجہ مرکوز کرنے کے لئے آگے بڑھنے کی راہ ہموار کی گئی۔میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، کمشنر سیکرٹری سیاحت یشا مدگل، ناظم سیاحت کشمیر و جموں اور محکمہ سیاحت کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔کمشنر سیکرٹری سیاحت نے محکمہ کی کامیابیوں ، تشہیری سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ پیش کیا جس میں کشمیر میراتھن ، جی۔ 20 سمٹ ، کشمیر میں ایف 4 کار شو ، جموں میں سنبرن میوزک فیسٹول اور جموں و کشمیر ٹورازم ڈیولپمنٹ کنکلیو 2024 جیسے حالیہ کامیاب ایونٹوں پر روشنی ڈالی گئی۔ دوران میٹنگ سکیئنگ اور ریور رافٹنگ جیسی مہم جو سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اضافی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے سیاحت کو جموں و کشمیر کی معیشت میں ”ریڑھ کی ہڈی“ قرار دیتے ہوئے نوجوانوں کے لئے روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا کرنے کی اس کی صلاحیت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے سیاحت پر مبنی نقطہ نظرکو اپناتے ہوئے سیاحت کو ایڈہاک سرگرمی کے بجائے ایک منظم اور طویل مدتی کوشش کے طور پر دیکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔






